• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش کشمیری رانا عدیل نے اپنی کشتی کا نام ’’سیل فار کشمیر‘‘ رکھ لیا

 لندن (سعید نیازی) برٹش کشمیری کشتی رانا عدیل خان نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے منفرد طریقہ کار اپنایا ہے۔ انہوں نے کشتی رانی کے بین الاقوامی مقابلہ میں حصہ لینے والی اپنی کشتی کا نام سیل فار کشمیر ’’Sail 4 Kashmir‘‘ رکھ لیا ہے۔ گزشتہ30برس سے کشتی رانی کرنے والے عدیل خان کا تعلق آزاد کشمیر سے ہےاور وہ دو مرتبہ پاکستان کی نیشنل چیمپئن کے علاوہ برٹش، آئرش اور مڈل ایسٹ اوپن بھی جیت چکے ہیں۔ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیل فار کشمیر کا آئیڈیا اپنی فیملی اور دوستوں کے مشورے کے بعد شروع کیاکیونکہ کشتی رانی کی وجہ سے ہزاروں لوگ ہمیں سوشل میڈیا پر فالو کرتے ہیں اور اس طریقے سے بہتر انداز میں انہیں مسئلہ کشمیر کی سنگین صورت حال کے متعلق بتایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام محصور ہیں اور دنیا کے ساتھ ان کا تعلق منقطع ہے۔ برطانیہ میں آباد کشمیری اپنے طور پر ہر سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھاتے رہتے ہیں، میں نے بھی اس کاوش کے ذریعے اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ اس طریقے سے ہم بھارت اور پاکستان کے عوام کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بھائی کے ہمراہ آئندہ برس آئر لینڈ میں منعقد ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے علاوہ متعدد دیگر مقابلوں میں بھی شرکت کریں گے اور کشمیر کی آزادی کا پیغام پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ بھارت اور پاکستان کے مقابلے میدان جنگ کی بجائے کھیل کے میدانوں میں ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند اور کھیلوں کو پسند کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان بھی اسپورٹس مین ہیں، صحت مند زندگی اور اسپورٹس کا گہرا تعلق ہے۔
تازہ ترین