• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے تعاون کرے، کشمیر فریڈم موومنٹ

ہائی ویکمب (نمائندہ جنگ) کشمیر فریڈم موومنٹ برطانیہ نے کنزرویٹو پارٹی کے ہائی ویکمب سے امیدوار ہا ؤس آف کامنز سٹیو بیکر کو ایک خط دیا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حکومت برطانیہ پر زور دیں کے اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ کشمیر فریڈم موومنٹ کے خط میں لکھا ہے کہ یہ مسلم اقوام کا حق ہے کہ جسکی توثیق 16دسمبر کی 1952ء کی قرارداد اے/آر ای ایس/637میں واضح طور پرہے تاکہ اسکی روح پر عمل درآمد کروایا جاسکے۔ کشمیر فریڈم موومنٹ کے خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم پی سٹیو بیکر حکومت برطانیہ سےمطالبہ کریں کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا کشمیر کے تنازع پر جلدازجلد اجلاس بلائے اس امر کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے جس سےبین الاقوامی امن اور بالخصوص سائوتھ ایشیاء کے خطے کو سخت جنگی خطرات لاحق ہیں۔ کشمیر فریڈم موومنٹ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ایم پی سٹیوبیکر حکومت برطانیہ پر زور دیں کہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے ظلم کے نتیجہ میں بے گھر ہونے اور اس تشدد سے متاثر ہونے والے افراد کی مالی اور دیگر امداد کا فوراً بندوبست کرے کیونکہ مسلسل کرفیو اور بھارتی فوج کے آپریشن کے نتیجہ میں کئی ہزار افراد ہرروز متاثر ہورہے ہیں۔ کشمیر فریڈم موومنٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے بھی درخواست کی جائے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں متاثرہ لوگوں کی بحالی اور ان کیلئے خوراک و ادویات کا بندوبست کرے۔ کشمیر فریڈم موومنٹ کے رہنما صوفی محمد یٰسین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور برطانیہ میں الیکشن کی مہم کے دوران خاص طور پر کشمیر فریڈم موومنٹ تمام امیدواروں کو براہ راست خط لکھ کر ان سے وعدہ لے رہی ہے کہ وہ کامیاب ہوکر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کی آواز بنیں تاکہ مسئلہ کشمیر حل ہو۔
تازہ ترین