• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عصر حاضر کے جدید تقاضے، جامع منصوبہ بندی ضروری، صدر مملکت

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں معاشرتی تعمیر نو کے اہداف حاصل کرنے کےلئے عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے عین مطابق جامع منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے تاکہ پرامن بقائے باہمی کے مثبت جذبات کو فروغ دیکر معاشرے کی اجتماعی بہبود کے انسان دوست ایجنڈے کی تکمیل کی جاسکے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ملک گیر”ہم پاکستانی“ تربیتی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی اتحاد کو فروغ دیکر ہی کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں سے معاشرے کی اجتماعی فلاح و بہبود اور تعمیر نو کی جاسکتی ہے جس کےلئے یونیورسٹیوں اور دوسرے تعلیمی اداروں میں دانشورانہ مباحثوں کو فروغ دیکر قومی سطح پر بہترین پالیسی سازی کےلئے ریاستی اداروں کی رہنمائی اور مدد کی جانی چاہیے۔ صدر مملکت نے سماجی تشکیل نو کےلئے جاری کوششوں کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سول سوسائٹی کوبھی اس عظیم مقصد کے حصول کےلئے حکومتی اداروں کیساتھ مخلصانہ تعاون کرنا چاہیے۔ ”ہم پاکستانی“ پروگرام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک اہم ترین پراجیکٹ ہے جوکہ متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کی تقویت کےلئے شروع کیا گیا ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے قبل ازیں ”ہم پاکستانی“ پروگرام کے تحت دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جس میں شامل تربیت دہندگان کو دس اہم ترین موضوعات پر تربیت دی گئی۔ وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے پاکستان کے پیشہ ور افراد ، پریکٹیشنرز اور سکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی کامیاب زندگی کے تجربات سے نوجوانوں کو روشناس کرائیں تاکہ وہ بھی صحیح خطوط پر آگے بڑھ کر معاشرے میں اپنا باوقار مقام حاصل کرسکیں۔
تازہ ترین