• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں سے تاجروں کو 100 ارب کا نقصان

سرینگر(جنگ نیوز)کشمیر چیمبر آف کامرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں پابندیوں کے باعث اب تک 100 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے دوسری جانب وادی کشمیر اور جموںاورلداخ کے مسلم اکثریتی علاقوںمیں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیر انسانی لاک ڈاون اورمواصلاتی بندش کے باعث منگل کو مسلسل 107 ویں روز بھی معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔تفصیلات کے مطابق کشمیر چیمبر آف کامرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے باعث اب تک 100 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے اور وہ اس نقصان کے ازالےکیلئے بھارتی حکومت پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے یہ اقدام ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کیا ہے۔ جس پر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے منگل کو کہا ہے کہ یہ دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ʼکے سی سی آئی نے اپنے جاری بیان میں بھارتی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حفاظتی شٹ ڈاؤن کے لیے شکریہ، جس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کشمیر کے لوگوں نے بازار اور اپنے کاروبار بند کیے ہوئے ہیں۔کے سی سی آئی کے سینئر وائس پریزیڈنٹ ناصر خان نے کہا کہ کشمیر میں پابندیوں کے باعث ہونے والا معاشی نقصان ستمبر تک ایک ارب ڈالرز تک پہنچ چکا تھا جو اب اس سے بھی کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے۔ناصر خان نے کہا ہے کہ ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ وہ کسی غیر جانب دار ادارے کو نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام سونپے کیوں کہ نقصان اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔

تازہ ترین