• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نواز شریف علاج کیلئے لندن پہنچ گئے، حسن نواز کے فلیٹ پر منتقل

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کرانے کے لیے ایئرایمبولنس کے ذریعے لندن پہنچ گئے ،ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں، ہیتھرو ایئر پورٹ سے نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے فلیٹ پر منتقل ہوگئے، حسین نواز بھی سعودی عرب سے لندن واپس پہنچ گئے ہیں، نواز شریف کے لندن پہنچنے سے پہلے ہی سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، نواز شریف کے داماد علی ڈار اور سب سے چھوٹی بیٹی اسما شریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر پہنچ گئے تھے۔

شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز بھی والد اور تایا سے ملنے اپنی اہلیہ کے ساتھ فلیٹ پر پہنچ گئے تھے، شریف فیملی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وہ لندن میں ڈاکٹروں سے مشورے کررہے ہیں اس کے بعد ان کے علاج کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیاجائے گا نواز شریف حسن نواز کے فلیٹ پر ہی اپنا علاج کرائیں گے۔

ذرائع کے مطابق فلیٹ کاایک کمرہ ان کے علاج کیلئے مخصوص کردیاگیا ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق کمرے میں تمام ضروری آلات پہنچا دیئے گئے ہیں۔

نواز شریف لندن پہنچ گئے


ہارلے سٹریٹ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ دو ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو صورت حال کاجائزہ لیں گے جس کے بعد مزید کوئی فیصلہ کیاجائےگا۔ 

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کی جان کو لاحق خطرات کے بارے میں ڈاکٹروں کی رائے کی روشنی میں انھیں علاج کرانے کے لیے لندن جانے کی اجازت دی تھی۔

ڈاکٹروں کے مطابق نوازشریف کو آٹو امیون بلڈ ڈس آرڈر ،ہائی بلڈ پریشر اور گردے کی خرابی کی شکایت ہے، نواز شریف کے بڑے بیٹے حسین نواز نے الزام عاید کیا تھا کہ ہوسکتاہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں اسیری کے دوران یا نیب کی کسٹڈی کے دوران انھیں زہر دیا گیا ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے عدالت کی جانب سے نوازشریف کو لندن جانے کی اجازت دیئے جانے پر کہاتھا کہ ان کی حکومت کو نواز شریف کی لندن روانگی پر کوئی اعتراض نہیں ہے، نواز شریف نے عدالت کو یقین دلایا تھا کہ وہ علاج مکمل ہوتے ہی پاکستان واپس آجائیں گے۔

تازہ ترین