• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیول چیف کی برطانیہ کے سرکاری دورے کی مصروفیات

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا برطانیہ کا سرکاری دورہ


امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور نیول کمانڈ ہیڈ کوارٹرز آمد پر انہیں روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹافس سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور اور دوطرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امیر البحر کو فرسٹ سی لارڈ کی جانب سے برطانوی جہاز پر خصوصی عشائیہ دیا گیا اور برطانیہ رائل نیول کالج میڈل کی تفویض کی گئی۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ امیرالبحر نے اسٹریٹجک راؤنڈ کانفرنس میں شرکت کی اور نیشنل میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں امیرالبحر کو آپریشنل اُمور پر بریفنگ دی گئی۔

نیول چیف نے برٹش تھنک ٹینک (انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز) میں خصوصی شرکت کی اور حاضرین سے بعداز خطاب میں غیررسمی بات چیت کی۔

نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

تازہ ترین