• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی جامع مسجد ڈڈلی سے میلادالنبیﷺ کا جلوس نکالا گیا

ڈڈلی (نمائندہ جنگ) پیغمبر اسلام محمد عربیﷺ کی ولادت بسعادت کے موقع پر ڈڈلی کی مختلف مساجد اور روحانی مراکز میں محافل اور میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کا انعقاد جاری ہے۔ مرکزی جامع مسجد ڈڈلی سے بھی سالانہ مرکزی جلوس نکالا گیا ،جلوس کا آغاز کیک کاٹ کر کیا گیا۔ مرکزی جلوس کی قیادت مسجد کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اورنگزیب، امام مسجد علامہ حافظ زاہد اقبال، امام و خطیب علامہ حاجی محمداکرم، علامہ حافظ محمدعنایت، علامہ قاری محمدانور قمر اور دیگر جید علمائے کرام، مشائخ عظام نے کی جلوس نبی کریمﷺ کی عظمت و شان کے نعرے بلند کرتے ہوئے ڈڈلی کے مختلف علاقوں ، بازاروں، چوکوں اور شاہراہوں سے گزرا تو ہر طرف دورود و سلام اور ذکر مصطفیٰﷺ کی صدائیں گونج اٹھیں۔ شرکاء نے میلاد کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ جلوس مصطفیٰﷺ مرحبا مرحبا، میلاد النبیﷺ زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے واپس جامع مسجد پہنچا۔ سالانہ جلوس میں ڈڈلی سمیت بلیک کنٹری کے مختلف شہروں سے بھی فرزندان اسلام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لائی کراس اور اسٹاربرج سے علامہ حافظ قاری محمد انور قمر، بریرلے ہل اور نیدر ٹن سے علامہ حافظ محمدعنایت کی قیادت میں فرزندان اسلام نے اس مرکزی جلوس میں شرکت کرکے نبی کریمﷺ کے میلاد کو منایا جب کہ پہلی مرتبہ اس جلوس میں پارلیمانی امیدواروں، سابق ایم پیز اور کونسلرز نے بھی شرکت کی۔ راستے میں جلوس اپنے مخصوص انداز کی وجہ سے غیر مسلموں کی توجہ کا مرکز بھی بنا رہا۔ سیکورٹی اور امن و امان کیلئے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔ رضا کاروں کی حفاظتی ٹیم بھی ہمراہ تھی، خراب موسم کے باوجود بھی فرزندان اسلام کی بہت بڑی تعداد نے اس جلوس میں مذہبی جوش وولولے کے ساتھ شرکت کی۔ اختتام جلوس پر مسجد انتظامیہ نے شکریہ ادا کیا جب کہ پارلیمانی امیدواروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پیغمبر اسلامﷺ کے یوم ولادت کی مناسبت سے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور دیگر جلوسوں کے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آخر میں حافظ محمدعنایت نے دعا کروائی۔
تازہ ترین