• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری مشکل ترین حالات سے گزر رہے ہیں، شہزاد اقبال

برمنگھم(پ ر) برٹش کشمیری فائونڈیشن کے صدر شہزاد اقبال نے کہا ہے کہ 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو ہے،کشمیری مشکل ترین حالات سے گذر رہے ہیں، پوری دنیا میں خاموشی بھارت کے ان ظالمانہ اور غیر انسانی حربوں کے خلاف جس طر ح تماشہ دیکھا جارہا ہے یہ انسانیت کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، پوری کشمیری قوم کو نریندر مودی دہشت گرد نے جیل خانے میں بند کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر انسانی تاریخ کا بہت بڑا المیہ ہے کشمیریوں کی چیخ و پکار سننے کے لیے کوئی تیار نہیں، مودی کوکھلی چھٹی ہے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام، ظلم کا بازار گرم رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہمان خصوصی ڈاکٹر پیر سلطان العارفین سجادہ نشین نیریاں شریف کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں،مسئلہ کے پُرامن حل کے لئے بار بار بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کے باوجود کوئی پیش رفت نظر نہیں آتی، حالات جنگ کی طرف جارہے ہیں فوجی تصادم میں کشمیری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، دنیا کو ایسے حالات پیدا ہونے سے پہلے مداخلت کرنا ہوگی ورنہ نتائج کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے نائب صدر چوہدری واجد برکی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد مظلوم و محکوم قوموں کے ساتھ انصاف کرنا تھا یہ ادارہ اپنے اغراض و مقاصدمیں ناکام ثابت ہوا ہے بھارت جیسے دہشت گر ملک کے خلاف کوئی ٹھوس اقدامات نہ کیے تو نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔تقریب کی نظامت کے فرائض مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر اسمبلی وزیر حکومت آزاد کشمیر چوہدری مسعود خالد کے برطانیہ میں مشیر چوہدری محمد شکیل نے انجام دیئے۔ تقریب سے پیر مولانا طیب الرحمان،مولانا ضیا الاسلام، تحریک انصاف کے رہنما عابد زمان خٹک، پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی مڈلینڈ کے کوآرڈینیٹر نائب حسین مغل، منہاج القران کے رہنما اعجاز صدیقی، چوہدری اسلم وسن اور دیگر سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین نے آخر میں دعا کی۔
تازہ ترین