• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں زیر تعلیم 7پاکستانی پی ایچ ڈی طلبہ کیلئے ولی محمد ٹرسٹ سکالر شپس

لندن ( پ ر ) ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے سات پی ایچ ڈی طلبہ کو ایڈتھ ایولن ولی محمد ٹرسٹ سکالر شپس دیں، یہ طلبہ فی الوقت برطانیہ کے مختلف تعلیمی اداروں میں ایس اینڈ ٹی کے مختلف ڈسپلنز میں ان رول ہیں جن میں یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر، یونیورسٹی آف مانچسٹر، امپریل کالج یو سی ایل اور کنگز کالج شامل ہیں۔ اس سلسلے میں تقریب 19 نومبر 2019 کو ہائی کمیشن آف پاکستان میں منعقد ہوئی۔ پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے، سکالرز کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ہائی کمشنر نفیس زکریا بلحاظ عہدہ بورڈ آف ٹرسٹی کے ​​چیئرمین ہیں۔ وہ 2010-2011 میں بھی ٹرسٹی رہے ہیں۔ تقریب میں ممبر بورڈ آف ٹرسٹی پروفیسر ہارون احمد اور پروفیسرمقصود علی صدیقی کے ساتھ ایوارڈز حاصل کرنے والوں اور ہائی کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔ ایوارڈ یافتگان میں سید ابراہیم غزنوی، محمد زبیر، جویریہ امجد، محمد زید حمید، بشریٰ کنول، نتاشہ جعفری اور سید وقاص عارف شامل ہیں۔ ہائی کمشنر نے طلبہ اور ان کے والدین کو میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپس کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ چونکہ عالمی اقتصادی کشش ثقل ایشیا کی جانب بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں بہت سے مواقع ان کے منتظر ہیں۔ علم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نفیس زکریا نے طلبہ کو ایسے نئے تعلیمی شعبوں میں داخلے کا مشورہ دیا جیسا کہ مصنوعی ذہانت، بلاک چین ٹیکنالوجی وغیرہ جن کا مستقبل تابناک ہے۔ ہائی کمشنر نے پیشہ ورانہ اور شفاف انداز میں اپنے امور نمٹانے پر ولی محمد ٹرسٹ کے ٹرسٹیز کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ ٹرسٹ کے فنڈ کے اثاثہ جات کو بڑھا کر سکالرشپ پروگرام کی گنجائش بڑھائی جائے تاکہ مزید طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کی تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد اس شاندار سرگرمی کے بارے میں پیغام پھیلانا تھا۔ مواقع کے بارے میں ہائی کمشنر کے تاثرات کی وضاحت کرتے ہوئے پروفیسر ہارون احمد نے طلبہ کو پاکستان کے تعلیمی منظر نامے اور حکومت کے نئے اقدامات سے آگاہ کیا جو ملک بھر میں معیاری تعلیم کے فروغ اور ریسرچ سہولتوں کیلئے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی پروجیکٹ ٹیکنالوجی میں ایڈوانسڈ ملکوں کی غیر ملکی پارٹنزشپ کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کو ملک میں فروغ دینے کیلئے اسلام آباد میں یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ سکالرز پاکستان واپس جا کر ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ ایڈتھ ایولن ولی محمد ٹرسٹ 1957 میں پروفیسر ولی محمد پی ایچ ڈی اور سابق وائس چانسلر آف عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد نے سائنس ٹیکنالوجی اور میڈیسن میں پاکستانی طلبہ کی سپورٹ کیلئے قائم کیا تھا۔ یہ ٹرسٹ ہر سال برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیزمیں پی ایچ ڈی میں ان رول بہترین پاکستانی طلبہ کو اوپن اور شفاف پراسس کے ذریعے سکالرشپس ایوارڈ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ہائی کمشنر اس کے چیئر اور چار ٹرسٹیز اور ایک ایگزیکٹو سیکرٹری ہے۔ 
تازہ ترین