• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیسز کو جلد نمٹانے کے فیصلے کا اوورسیز کمیونٹی خیر مقدم کرتی ہے، ترجمان او پی سی

 لندن( پ ر) زیر صدارت چیئرمین ڈسٹرکٹ کمیٹی راولپنڈی باسط شکیل ہاشمی کمیٹی روم ڈی سی آفس راولپنڈی منعقد ہوا۔اجلاس میں برطانیہ سے پاکستان کے دورہ پر آئے ترجمان اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب و چیئرمین او پی ڈبلیو سی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان قدیر، ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت، ڈسٹرکٹ اٹارنی جنرل ، اسسٹنٹ کمشنر، صدر زاہد خان، ممبران کمیٹی حسن حمیدی، سمیت پولیس وریونیو کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوکے ، یورپ اور مڈل ایسٹ سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے مسائل سُنے گئے اور چیئرمین کمیٹی باسط شکیل ہاشمی نے موقع پر ہدایات و احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کمیٹی راولپنڈی باسط شکیل ہاشمی نے کہا کہ صوبہ پنجاب جو کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور پنجاب بھر سے دُنیا کے مختلف مما لک میں تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے۔ ان تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اوورسیز کمیشن پنجاب مکمل قانون سازی کے بعد ایک ایسا ادارہ بنایا گیا ہے جس میں ڈی ایم جی گروپ کے افسران کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران ،ڈی سی اوز، ریونیو افسران پر مشتمل ضلعی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ضلعی سطح پر پنجاب بھر میں اوورسیز کمیونٹی کو ان کے مختلف محکمہ جات میں درپیش مسائل بالخصوص پولیس اور لینڈ مافیا کے حوالے سے قانونی طور پر معاونت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر ترجمان اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب و چیئرمین او پی ڈبلیو سی نعیم نقشبندی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر صرف برطانیہ کی ہی مثال لیں تو چھ دہائیوں میں محنت و کاوشوں کے بعد میئر آف لندن صادق خان، وزیر داخلہ و وزیر خزانہ ساجد جاوید سمیت 12 ممبر آف پارلیمنٹ، درجنوں منتخب میئرز، لارڈز اور تقریباً 400 سے زائد منتخب کونسلرز اور لاتعداد ڈاکٹرز، انجینئر ز، وکلاء، بیرسٹرز، اور پروفیشنلز پاکستانی ہیں جو کہ تارکین وطن کیلئے باعث فخر ہے۔ تارکین وطن کو اپنے ملک میں پولیس، ریونیو اور لینڈ مافیا جیسے بے شمار مسائل کا سامنا تھا مگر اوورسیز کمیشن کے قیام کے بعداوورسیز کمیونٹی کو ریلیف ملنا شروع ہوا ہے اور او پی سی بطور ادارہ صحیح معنوں میں پنجاب کے تمام اضلاع میں متحرک اور فعال ہے۔ اس ضمن میں وائس چئرمین او پی سی وسیم اختر نے ادارہ کو مزید متحرک کرنے کیلئے برطانیہ ،یورپ اور مڈل ایسٹ کے کامیاب دورے بھی کئے اور بزنس و پروفیشنل کمیونٹی رہنماؤں،ممبر آف پارلیمنٹس، منتخب ٹاؤن میئرز، کونسلرز اور دیگرکمیونٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اور اوورسیز کمیونٹی کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ تارکین وطن کے جان ومال اور عزت کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ جوڈیشری کیسز میں چیف جسٹس پنجاب ہائیکورٹ نے اوورسیز کیسز کیلئے اوورسیز کورٹس اور کیسز کو تین سے چھ ماہ کے اندر نمٹانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں تاکہ تارکین وطن کو فوری اور سستا انصاف فراہم کیا جاسکے۔
تازہ ترین