ابوظبی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ارشد خان کو ایک میچ کے لیے معطل کردیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد فیصلہ ہے۔ وہ قومی سلیکٹر بھی ہیں۔ انہیں حال ہی میں جونیئر سلیکٹرکے عہدے سے ہٹا کر ایسوسی ایشن کا کوچ بنایا گیا تھا۔ارشد خان کو کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے متعلق لیول 2 جرم کا مرتکب پایا گیا۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق ارشد خان کو آٹھویں راؤنڈ کے میچ میں امپائرز کے پاس جاکر نامناسب زبان کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ میچ ریفری نے ارشد خان کو ایک میچ کے لیے معطلی کی سزا سنائی۔