• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

فارن فنڈنگ کیس، اپوزیشن PTI کیخلاف کاررروائی کیلئے گئی، الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کھاتے کھول دیئے

اپوزیشن PTI کیخلاف گئی، ن لیگ اور پی پی کے کھاتے کھل گئے


اسلام آباد (صباح نیوز، مانیٹرنگ سیل) اپوزیشن فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کیخلاف کارروائی کیلئے گئی لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کھاتے کھول دئیے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی پر امریکا اور برطانیہ سے غیرقانونی فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام ہے، الیکشن کمیشن نے 26 نومبر کو دونوں جماعتوں کے نمائندوں کواسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

گزشتہ روز رہبر کمیٹی اجلاس کے بعد ارکان نے الیکشن کمیشن دفترکے سامنے احتجاج کیا اور پی ٹی آئی کیخلاف کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا، رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا کہ فیصلہ ہو گیا تو PTI اور اسکی حکومت ختم ہوجائیگی۔

ادھر الیکشن کمیشن نے 26 نومبر کو دونوں جماعتوں کے نمائندوں کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں اکرم خان درانی ،احسن اقبال، طاہر بزنجو، نیئر بخاری، میاں افتخار، عثمان کاکڑ اور فرحت اللہ بابر شریک ہوئے۔ کمیٹی نے پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کرانے کیلئے دبا ئوبڑھانے اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا جبکہ فارن فنڈنگ کیس پر اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد رہبر کمیٹی کے ارکان پارلیمنٹ ہائوس سے پیدل ہی احتجاج کے لیے الیکشن کمیشن پہنچےاور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا مطالبہ کیا۔ رہبر کمیٹی کے رکن اکرم درانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس 5 سال سے چل رہا ہے، رہبر کمیٹی کے ارکان چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کرنے آئے ہیں،کہ کیس جلد نمٹایا جائےکیونکہ یہ تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو، کیس میں تاخیر ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والے احتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں ؟ چیف الیکشن کمشنر کو تحریری یادداشت بھی پیش کریں گے۔ الیکن کمیشن سے درخواست ہے کہ کیس کا جلد فیصلہ کرے جس روز فیصلہ آئے گا تو پوری تحریک انصاف ختم ہو جائے گی۔ مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں کرپشن کا اس قدر بڑا سکینڈل کسی سیاسی جماعت کی طرف سے سامنے نہیں آیا جتنا بڑا سکینڈل پی ٹی آئی کا سامنے آیا ہے۔

گزشتہ کچھ سالوں سے عمران خان خود کو مسٹر کلین کہہ رہے تھے، پی ٹی آئی نے درجنوںبے نامی اکائونٹس رکھے اور ان کی تفصیلات پیش نہیں کیں، پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے، امریکا، یورپ، بھارت، مشرق وسطی سے آنے والا پیسہ عمران خان اور ساتھیوں کے ذاتی اکائونٹس میں آتا تھا۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ آئندہ ماہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ ہونیوالے ہیں جن کے غیر حاضر ہونے سے کمیشن غیر موثر ہو جائے گا۔

تازہ ترین