• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کا جی ایس ٹی کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر نے جی ایس ٹی کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط وی اے ٹی کے نفاذ کی جانب بڑھ چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ایف بی آر نے عالمی بینک کے قرضوں کی شرائط کے تحت اصولی فیصلہ کیا ہے کہ تمام شعبوں کے لیے موجودہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس (وی اے ٹی)سے تبدیل کیا جائے۔

باوثوق ذرائع نے دی نیوز کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے ایف بی آر مختلف صنعتوں/کاروبار کا سروے مجوزہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت کرے گا۔ اس حوالے سے جب چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے مکمل نفاذ کی جانب جانا ہوگا تاکہ تمام شعبے ملک کے ٹیکس نظام میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی شرط ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کی جانب بڑھ چکی ہے اور ایف بی آر اس پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کا قیام فی الوقت موخر کیا گیا ہے لیکن دیگر اصلاحات بشمول ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی جانب بڑھنا ایف بی آر کے مجموعی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ تھا۔

یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ ایف بی آر نے ماضی میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کرنے کی جتنی کوششیں کی تھیں وہ بری طرح ناکام ہوئی تھیں اور 2011ء میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں آئی ایم ایف پروگرام معطل بھی ہوا تھا۔

اس لیے اب دیکھنا ہے کہ پی ٹی آئی اس میں کس حد تک کامیاب ہوتی ہے۔

تازہ ترین