• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک اور خاتون مسافر کا سامان چوری،پی آئی اے کے مزید 2 ملازم گرفتار

کراچی (افضل ندیم ڈوگر)کراچی سے بذریعہ ہوائی جہاز ملتان جانے والی خاتون مسافر کے بک کرائے گئے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری کرنے والے پی آئی اے کے دو لوڈرز کو ائیر پورٹ پولیس نے گرفتار کرکے 4 لاکھ روپے برآمد کرلیے،ایس ایس پی ملیر کے مطابق خاتون مسافر کے شوہر مدثر احمد کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر19/141 درج کرلی گئی ہے،مدعی مدثر کے مطابق ان کی اہلیہ 26 مئی کو کراچی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 580سے ملتان گئی تھیں،مدعی کے مطابق منزل پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ان کے بک کرائے گئے بیگز کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور اس میں سے لگ بھگ ساڑھے چار لاکھ روپے مالیت کا سونا اور زیورات غائب تھے،مدثر احمد کے مطابق انہوں نے کراچی اور ملتان ایئرپورٹ پر اس چوری کی شکایت درج کرا دی تھی، کراچی میں ائیرپورٹ سکیورٹی فورس اور پی آئی اے کی انتظامیہ کو بھی شکایت درج کرائی مگر ان کی شنوائی نہیں ہوئی،مدثر کے مطابق گزشتہ دنوں پی آئی اے کے 5 لوڈرز کو اسی طرح کی چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تو انہوں نے کراچی ائیر پورٹ پولیس سے رابطہ کیا،ایس ایچ او ایئرپورٹ کے مطابق ملزم شعیب خان قومی ایئرلائن میں لوڈر اور سمیع اللہ سکیورٹی گارڈ ہے،جنہوں نے اقرار جرم کرتے ہوئے سونا فروخت کرنے کا انکشاف کیاجس کی رقم 4 لاکھ روپے برآمد کرلی گئی ہے اور ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اسی نوعیت کی چوری کی ایک واردات میں قومی ایئرلائن کے 5 لوڈرز کو گرفتار کیا گیا تھا جو چند روز قبل ہی  ضمانت پر رہا ہوئےہیں۔دریں اثنا ترجمان پی آئی اے کے مطابق انتظامیہ ادارے میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی اور چوری کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہےاور حالیہ چوری کی واردات میں ملوث مذکورہ دونوں ملازمین کو بھی پی آئی اے سکیورٹی نے ائر پورٹ پولیس کے تعاون سے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیاہے۔

تازہ ترین