• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں روز مرہ زندگی میں مضر صحت مادوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ڈاکٹر احتشام

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے شعبہ نباتیا ت کے پروفیسر ڈاکٹر سید احتشام الحق نے کہا کہ ہمیں روزمرہ کی زندگی میں بے انتہا مضر صحت ٹاکسینز کا سامنا رہتاہے جس سے صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ٹاکیسن وہ مادہ ہے جو زہریلا ہوتا ہے اور اس سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔آج کے دور میں جس ہوا میں ہم سانس لیتے ہیں ،جو کھاناہم کھاتے ہیں اور جوپانی ہم پیتے ہیں ان سب میں یہ مضر اثرات شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ نباتیات کے زیر اہتمام سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر ٹوکسی کولوجسٹ اسکاٹس میریکل اوہائیوامریکہ کے ڈاکٹر شکیل اے صغیر نے کہا کہ کیڑے مار ادویات جب ایجاد کی جاتی ہیں تو اس کو مارکیٹ کرنے سے قبل اس کو مختلف مراحل سے گزاراجاتا ہے اور اس کے مضر اثرات کا بھی بغور جائزہ لیا جاتا ہے اور پھر اس کے بعد اس کو رجسٹرڈ کرانے کے لئے بھیجا جاتاہے۔انہوں نے بہترین اور مضر اثرات سے پاک کیڑے مارادویات بنانے کے نکات پر زوردیا۔سیمینار سے ڈائریکٹر جنرل سدرن زون ایگریکلچرریسرچ سینٹر ،پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کراچی ڈاکٹر سید ریحان کاظمی،ڈائریکٹر فوڈ کوالٹی اینڈ سیفٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کراچی،ڈاکٹر اخلاق احمد ،سینٹر سائنٹیفیک ریسرچ آفیسر ڈاکٹر نجم السحر،سینٹر سائنٹیفک آفیسر سدرن ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ڈاکٹر ریاض الدین اورڈائومیڈیکل یونیورسٹی کی بائیومیڈیکل سائنسز کی پروفیسر ڈاکٹر حراخان نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین