• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

برسبین، اونچی اڑان کے بعد پاکستانی بیٹنگ کی کریش لینڈنگ، 240 پر آل آؤٹ

برسبین، پاکستان  240 پر آل آؤٹ


برسبین (جنگ نیوز) پاکستانی اوپنرز کی جانب سے اچھے اسٹارٹ کے باوجود آسٹریلوی فاسٹ بولنگ کے سامنے پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ بری طرح لڑکھڑا گئی۔ پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن اونچی اڑان بھرنے کے بعد گرین کیپس نے یکایک کریش لینڈنگ کی اور پوری ٹیم پہلی اننگز240رنز پر آوٹ ہوگئی۔ مشکل صورتحال میں اسد شفیق نے فائٹنگ 76رنز بنائے لیکن پاکستان کے سب سے قابل اعتماد بیٹسمین بابر اعظم، حارث سہیل بری طرح ناکام رہے۔ محمد رضوان کو امپائر نے نوبال پر آئوٹ دے دیا۔ محمد رضوان کی متنازع وکٹ تھی۔ یہ ایک نو بال تھی۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولرز مچل اسٹارک، ہیزل ووڈ اور کمنز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو قدم جمانے کا موقع نہیں دیا۔ اسد شفیق نے134گیندوں پر76رنز کی پر اعتماد اننگز کھیلی۔ اسد شفیق نے محمد رضوان کے ساتھ 49اور یاسر شاہ کے ہمراہ 84رنز کی اہم شراکتیں قائم کیں ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اظہر علی اور شان مسعود نے لنچ تک آسٹریلوی بولنگ کا مقابلہ کیا اور27اوورز میں بغیر کسی نقصان کے57رنز بنالئے۔75 کے اسکور پر پہلے شان مسعود 27 رنز بنانے کے بعد کمنز کی گیند پر سلپ میں اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پھر اگلے پانچ وکٹ صرف 19رنز پر پانچ وکٹ گر گئے۔94رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اظہر علی 39 رنز بنانے کے بعد ہیزل وڈ کی پہلی وکٹ بنے۔ حارث سہیل صرف ایک رن بنا سکے ۔ بابر اعظم نے انتہائی غیرذمہ دارانہ انداز میں شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوائی۔ وہ بھی ایک رن ہی بنا سکے۔ بابر اعظم کے آئوٹ ہونے کے بعدپانچویں وکٹ کے لیے افتخار احمد اور اسد شفیق نے 24رنز کی شراکت قائم کی جسے ناتھن لائن نے افتخار کی وکٹ لے کر توڑا۔وہ سات رنز بناسکے۔ محمد رضوان نےسات چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی تاہم جب وہ امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہوئے تو پاکستان کا ا سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 143رنز تھا۔ یاسر شاہ نے 83گیندوں تک مزاحمت کی انہوں نے دو چوکوں کی مدد سے26رنزبنائے۔ مچل اسٹارک نے ایک ہی اوور میں آسٹریلیا کے لیے ساتویں اور آٹھویں وکٹ لی۔ شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوئے ۔ مچل اسٹارک نے54 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ پیٹ کمنز نے80رنز دے کر تین، ہیزل وڈ نے دو جبکہ لائن نے ایک وکٹ لی ۔ پاکستان نے 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو اس میچ میں کھلایا ہے ۔ خیال رہے کہ 1995 سے لے کر اب تک کوئی پاکستانی ٹیم آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ جیت نہیں سکی ہے جبکہ گابا کے میدان پر آسٹریلیا 1988 سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہارا ہے۔

تازہ ترین