• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیرینہ رنجش،ڈھوک کالاخان میں دوگروپوں کےدرمیان فائرنگ،2افرادجاں بحق،7زخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ صادق آباد کے علاقہ ڈھوک کالاخان میں دوگروپوں میں تصادم کے نتیجے میں دوافرادجاں بحق اورسات زخمی ہوگئے۔ مرنے والے دوافراداورچھ زخمیوں کاتعلق ایک گروپ سے بتایاجاتاہے، مشتعل افرادنے بے نظیربھٹوہسپتال کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مری روڈکوبلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق جمعرات کی رات 11بجے کے قریب ڈھوک کالاخان شمس آبادمیں ٹیکسی سٹینڈکے نزدیک یونین کونسل 22کے سابق چیئرمین جہانگیرنمبردار گروپ اورچودھری یاسر گروپ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،تقریباً آدھ گھنٹہ تک دونوں اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس سے پورے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پرایس ایچ اوتھانہ صادق آباد انسپکٹر شجاعت علی بابرپولیس نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے تاہم ملزمان وقفہ وقفہ سے فائرنگ کرتے رہے ،پولیس کے مطابق فائرنگ سے جہانگیر نمبردار گروپ سے تعلق رکھنے والے دوافراد 22 سالہ عبداللہ ولدعبدالنعیم اور38سالہ ذیشان ولد عبدالحمیدجاں بحق ہوگئے جبکہ اسی گروپ سے تعلق رکھنے والے 55سالہ ناصر، 20سالہ شازیب ،18سالہ مصطفیٰ ،45سالہ جہانگیر، 45سالہ محمدرشید اور 17سالہ حمزہ جبکہ چودھری یاسرگروپ کا20سالہ حسن ولداشتیاق زخمی ہوگئے ،واقعہ کے بعدملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں گروپوں میں پہلے سے دشمنی چل رہی ہے اوردونوں کے درمیان مقدمات بھی چل رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق جاں بحق اورزخمی ہونے والے افرادکوجب ہسپتال لے جایاگیا تواس دوران نمبردارگروپ کے مشتعل افرادوہاں پہنچ گئے جنہوں نے احتجاج کرتے ہوئے مری روڈپرٹریفک بلاک کردی۔
تازہ ترین