• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آرمی چیف کا نوٹیفکیشن جاری، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کی جنرل کے عہدے پر ترقی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر، جنرل باجوہ کی وزیراعظم سے ملاقات

جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر


اسلام آباد(صالح ظافر‘ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کوفور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے تین سال کے لئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کر دیا ہے۔ 

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا 27 نومبر کوجنرل زبیر محمودحیات کی جگہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالیں گے۔ 

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی بحیثیت چیف آف آرمی اسٹاف آئندہ مدت کے لئے دوبارہ تقرری کا نوٹیفکیشن 19 اگست 2019ءکو پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ 

جنرل قمر جاوید باجوہ نےاپنی تین سالہ مدت ملازمت کے بعد 29نومبر کو ریٹائر ہونا تھا تاہم دوبارہ تقرر کے بعد اب وہ نومبر 2022تک بری فوج کے سربراہ رہیں گے۔

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں اندرونی و بیرونی سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بھی بات چیت کی گئی‘ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم کو دورہ ایران پر بھی اعتماد میں لیا۔

این این آئی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اس وقت جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر کام کررہے ہیں اور وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی جگہ لیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کور کمانڈر راولپنڈی بھی رہ چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے کمانڈنٹ بھی رہ چکے ہیں۔ 

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو ہلال امتیاز ملٹری بھی مل چکا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے انفنٹری کی دس سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان کی۔

بعد ازاں نئے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی پر مبارکباد دی۔

تازہ ترین