• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف عدلیہ کی آڑ لیکر فرار، اتنے بیمار نہیں جتنا دکھایا گیا، اعظم سواتی

میرپور(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی اموراعظم سواتی نے کہا ہے کہ نواز شریف عدلیہ کی آڑ لے کر ملک سے فرار ہوئے، میاں نواز شریف اتنے بیمار نہیں تھے جتنا وہ دکھارہے تھے، مسلم لیگ ن کے امیدوار الیکشن سے بھاگناچاہتے ہیں ان کو بھاگنے نہیں دیں گے، چیف سیکرٹری وفاق کا نمائندہ ہے، آزاد کشمیر میں ہونے والی کرپشن کا احتساب کیا جائے گا، عمران خان کشمیریوں کے وکیل ہیں مقبوضہ وادی میں ہونے والے مظالم پوری دنیا کے سامنے لائے۔

عمران خان کا عہد ہے کہ کسی بھی کرپٹ آدمی کو جس نے پاکستان کا پیسہ کھایا خواہ وہ کسی بھی جماعت سے ہو نہیں چھوڑیں گے۔ 

بیرسٹر سلطان کا ویژن بہت اچھا ہے ترقیاتی کاموں اور عوامی کاموں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوآزادکشمیر میں اعلیٰ عہدہ دیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اعظم سواتی نے کہا کہ شیر راہ فرار کی کوشش کررہاہے ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے الیکشن کے ملتوی ہونے پر سپریم کورٹ جائیں گے میرپور سے ہم بھاری مینڈیٹ سے جیتیں گے میرپور آزادکشمیر کا بیس کیمپ بنے گا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزادکشمیر میں اہم ذمہ داریاں ملیں گی۔میرپور کے عوام PTI کے امیدوار کو ووٹ دیں تاکہ دنیامیں کشمیریوں کے حق میں اچھا پیغام جائے۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے بیماری کا بہانہ بنا کر عدالت کی آڑ لے کر ملک سے باہر گیا ہے وہ اتنے بیمار نہیں تھے کہ ان کو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجا جاتا۔ میاں نواز شریف کے خلاف کوئی کیس بند نہیں ہوگا۔

عمران خان کا عزم ہے کہ کسی بھی کرپٹ شخص کو خواہ وہ حکومت سے ہو یا اپوزیشن سے اس کو اس کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے اسی نعرے کی بنیادپر لوگوں نے عمران خان پر اعتماد کیا کچھ بھی ہوجائے اس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

اعظم سواتی نے مزید کہا کہ میرپور کا ضمنی الیکشن بیرسٹرسلطان جیت چکے ہیں رسمی کارروائی باقی ہے بیرسٹرسلطان کو اعلیٰ ذمہ داری دیں گے جس کے وہ مستحق ہیں۔ ن لیگ کا امیدوار بھاگنے کی کوشش کررہا ہے ہم اسے بھاگنے نہیں دیں گے اور الیکشن میں اس کو بھاری شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیومیں عوام کی بنیادی ضرورت زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہیں، دنیا کو بھی اس کا احساس ہے ۔عمران خان نے کشمیریوں کے وکیل ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ کئی دہائیوں کے بعد ہماری حکومت میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا ہے جس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔ 

تازہ ترین