حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ کی ثقافت ٹوپی اور اجرک کا دن ہر سال کی طرح اس سال بھی حیدرآباد کے شہریوں نے انتہائی جوش وخروش سے منایا۔ نوجوان، مرد، خواتین، بچے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شاہراہوں پر گشت کرتے رہے۔ لطیف آباد، سٹی اور قاسم آباد میں چوراہوں اور شاہراہوں پر گاڑیوں میں سوار نوجوان سندھی نغموں پر رقص کرتے نظر آئے۔ مختلف سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ(فنکشنل)، تحریک انصاف، پاک سرزمین پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، جئے سندھ قومی محاذ، سندھ ترقی پسندپارٹی، سندھ یونائٹیڈ پارٹی سندھ ہاری کمیٹی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ گاڑیوں کو اجرک سے سجائے نوجوان شہر بھر میں گشت کرتے رہے۔ حیدر چوک، شہباز بلڈنگ، گل سینٹر، ٹھنڈی سڑک، نسیم نگر اور دیگر مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جہاں سندھی نغموں کی دھن پر نوجوان بھنگڑے ڈالتے رہے۔ سندھی ثقافت کے دن کی مناسبت سے مرکزی تقریب حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ہوئی جہاں مقامی اخبارات اور چینل کی جانب سے اسٹیج بنایا گیا تھا جس پر تمام جماعتوں کے قائدین وقفے وقفے سے تقریریں کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت بہت قدیمی ہے اور سندھ کے عوام کو اپنی ثقافت سے بے پناہ پیار ہے۔