• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، جعلی اینٹی کرپشن ٹیم کی فیکٹری سے بھتہ وصولی کی کوشش ناکام


نیوکراچی کے علاقے بلال کالونی میں موٹرسائیکل سوار مسلح گروہ کی جانب سخود کو  اینٹی کرپشن کی ٹیم ظاہر کر کے دودھ پیکنگ فیکٹری کے سیلز آفس سے بھتہ وصولی کی کوشش علاقہ مکینوں نے ناکام بنادی۔

پاکستان ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوس ایشن کے صدر شاکر عمر گجر کے مطابق عام تعطیل کے روز اتوار کو لگ بھگ 8 موٹرسائیکلوں پر سوار 16 اسلحہ بردار ملزمان نیوکراچی سندھ ہوٹل کے قریب واقع ان کی دودھ پیک کرنے کی فیکٹری گجر ڈیری پر آئے اور سیلز آفس کو گھیر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے پولیس سے ملتا جلتا لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور تمام لوگوں خود کو اینٹی کرپشن کے اہلکارظاہر کررہے تھے۔

اس وردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ اس گروہ کے ملزمان مرکزی سیلز آوٹ لیٹ کے کاؤنٹر کو گھیرے ہوئے تھے۔

فیکٹری کے چیف آپریٹرنگ آفیسر واصف عمر کے مطابق یہ گروہ کے افراد دودھ میں ملاوٹ کا بہانا بنا کر 60 ہزار روپے جرمانہ کے ساتھ ساتھ دیگر رقم کا مطابہ کررہے تھے بصورت دیگر ملزمان نے پولیس موبائلیں منگوا کر تمام افراد کو گرفتار اور فیکٹری اور آوٹ لیٹ کو سربمہر کرنے کی دھمکی دی۔

واصف عمر کے مطابق جب ان کے مینیجر نے ملزمان کو محکمہ اینٹی کرپشن کا دائرہ کار بتایا گیا تو وہ سنگین نتائج کی دھمکیوں پر اتر آئے اور کہا کہ ’وہ اتھارٹی ہیں اور جرمانہ وصول کرنے کے ساتھ ساتھ گرفتاریاں بھی کریں گے۔‘

واصف کے مطابق اس دوران کافی رش لگ گیا اور علاقہ مکین جمع ہو گئے، مینیجر نے مالکان سے بات کرائی اور ان کے فیکٹری پہنچنے تک کے انتظار کرنے کا کہا تو ملزمان رفو چکر ہوگئے۔

شاکر عمر گجر کے مطابق کراچی کے انڈسٹریل ایریاز میں اس نوعیت کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں، انہوں نے پولیس اور اینٹی کرپشن کی جعلی ٹیم کے نام پر بھتہ گروپوں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس حکام سے تحریری اپیل کی ہے۔

تازہ ترین