• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی کے مشرقی شہر کیمنٹس میں پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کیمنٹس نے ایک رنگا رنگ ’پاکستان نائٹ‘ کا اہتمام کیا۔

کیمنٹس اور گرد و نواح کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں نے اپنے ملک کی ثقافت کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔

جرمنی کے مختلف شہروں میں قائم پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن اپنی اپنی جامعات میں وقتاً فوقتاً ایسی ثقافتی تقاریب کا اہتمام کرتی رہی ہیں۔

کیمنٹس میں منعقدہ پاکستان نائٹ کے پروگرام میں ثقافت و تہذیب کو پیش کرنے لیے پاکستانی اسٹوڈنٹس نے قومی لباس زیب تن کیے۔

اس ایونٹ میں جرمنی سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبا نے بھی شرکت کی۔ کسی نے ہاتھوں پر مہندی لگوائی تو کوئی پاکستانی ملبوسات میں نظر آیا۔

پاکستان نائٹ کی تقریب کے ذریعے بین الاقوامی اسٹوڈنٹس کو پاکستان کی متنوع ثقافت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ متعدد طلبا نے اپنی آئندہ تعطیلات پاکستان میں منانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ وہ پاکستان میں موجود قدرتی مناظر اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوسکیں۔

جرمن یونیورسٹیز میں زیر تعلیم پاکستانی اسٹوڈنٹس کی جانب سے منعقد کردہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے ایک طرف پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آتا ہے تو دوسری جانب پاکستان میں غیر ملکی سیاحت کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔

پاکستان نائٹ میں جرمنی کی ترقی پسند سیاسی جماعت Junge Liberale Chemnitz سے منسلک کرسٹیان فوگل نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران اسٹوڈنٹس نے پاکستان کے تمام صوبوں کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب کو منفرد انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر علاقائی رقص بھی کیا گیا۔ بعد ازاں شرکاء نے لذیذ پاکستانی پکوان اور روایتی دودھ پتی چائے کا لطف اٹھایا۔

تازہ ترین