• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

السلام علیکم! آپ کی خیریت نیک مطلوب ہے، میری بہو صوفیہ عثمان، بیٹیاں بختاور عثمان، تقدیس فاطمہ عثمان، احمرین عثمان، چچا سسر سردار اسلم خان اور آپ کے بھائی جعفر خان، عمر خان، طاہر خان، محمد ایوب خان کیسے ہیں، امی سے دعا لیکر گھر سے نکلا کریں،

آپ کو یاد ہے، بیعت کے وقت اور اسکول کی کلاس کے دوران میں ایک ہی بات سمجھاتا تھا کہ اپنے جسم کو لقمہ حرام سے بچائے رکھنا اور اب میں آپ کو اس سے بھی زیادہ سختی کے ساتھ تاکید کر رہا ہوں، جس نیک نامی کو آپ کے والد گرامی نے تین بار ایم پی اے بننے کے باوجود ضائع نہیں ہونے دیا،

اسی روایت کی پاسداری کرنا، درویش آدمی ہیں مجھے کل کہہ رہے تھے، میں نے اپنی حیات میں صرف ایک بار پرچی پر لکھ کر چیف سیکریٹری کو کہا تھا کہ ایک ایماندار افسرکا تبادلہ کردیں تو اس نے تبادلہ تک نہیں کیا۔

میری 87سالہ زندگی گواہ ہے، میں نے وہی کیا جو تربیت میرے والد صوفی خان محمد نقشبندی نے کی، 17جنوری 2019جب آپ مجھے بسترِ مرگ ملنے آئے تھے بہت اچھا لگا۔

میرے پیر خانے، پیر خواجہ غلام حسن نقشبندی سواگ شریف بھی حاضری دیں، قبائلی علاقے ’’بارتھی‘‘ کا خیال رکھا کریں، فارسی کے لفظ بز سے بزدار، (بکریاں رکھنے والا) یہ پیغمبری پیشہ ہے، تمام انبیاء نے بکریاں چرائی ہیں۔ یاد کرو جب آپ نے مجھ سے کہا تھا دعا کریں میں ایم پی اے بن جائوں، میں نے کہا اس بار ایم پی اے بننے کے ساتھ میں آپ کو ملک کے اعلیٰ عہدے پر دیکھ رہا ہوں، تو آپ مسکرائے تھے، آپ 27اپریل سے چیف آف بزدار ہیں، دائیں بائیں کھڑے وزراء سے کیوں نہیں کہتے کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ آپ اُس 9لاکھ آبادی کے سردار ہیں،

جو چاروں صوبوں میں مقیم ہے، اپنے مقابل خواجہ محمد نظام المحمود کیساتھ کسی دن چائے پی لیں، ان کی درگاہ کو مقامی وڈیروں کے کہنے پر سرکاری تحویل میں نہ لینا، منو بھائی کا سندس فائونڈیشن آپ کے دفتر سے ایک کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے وہاں تھلیسمیا کے بچوں سے ضرور ملاقات کریں، میرے بزدار محترمہ بشریٰ عمران سے بنا کر رکھیں،

عمران جذباتی آدمی ہیں اُنہوں نے آپ کی خاطر طاقتوروں سے لڑائی لی ہوئی ہے خوش نہیں ہونا بلکہ سجدہ میں چلے جائو کیونکہ صوفی جھکتا ہے اکڑتا نہیں۔ یار، اب کپتان کی عزت کا خیال کریں، اسپیڈ بڑھائیں، آپ نے تو پریشرڈالنا ہے کام تو محکموں کے افسران نے کرنا ہے جہاں بھی جایا کریں وہاں کچھ کام اپنے ہاتھ سے کیا کریں۔ وسطی پنجاب والوں کی نفسیات کو سمجھیں، جب میڈیا سے بات کیا کریں تو ساتھ کھڑے افراد کو شٹ اپ کی کال سے تین فٹ دور کھڑا ہونے کی ہدایت کریں، عزت دیں لیکن اپنی طبیعت میں لاہور کے پانی کی تاثیر کو شامل کریں،

آپ کو علم ہے لاہور کا پانی ایک سال پینے کے بعد جب ہڈیوں پر اثر کرتا ہے تو تب کہیں جا کر لاہور کا مزاج بنتا ہے۔ آپ کی حالیہ تیز کارکردگی اسی پانی کی تاثیر کا اثر ہے۔ ہاں یاد آیا چوہدری پرویز الٰہی نے قرآن انسٹی ٹیوٹ بنایا تھا دینی کاموں کے لئے، وہاں کام کوئی دینی نہیں بلکہ دیگر اداروں کو دفاتر الاٹ کیے جارہے ہیں، وزیراعظم کا خیال ہے وہاں صوفی یونیورسٹی کا؟ اس کی رپورٹ سیکریٹری اوقاف سے لیں۔

دیکھئے، مجھے علم ہے آپ جب سے وزیر اعلیٰ پنجاب بنے ہیں صرف 4گھنٹے آرام کر رہے ہیں، صبح وزیراعلیٰ ہائوس پرچم کشائی اپنی موجودگی میں کراتے ہیں، کوئی فائل ایک دن بھی ٹیبل پر نہیں رکتی، نئے چیف سیکرٹیری، ہوم سیکرٹیری اور آئی جی پنجاب کپتان نے تبدیل توکر دئیے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر ان کے ساتھ اجلاس کریں وہ آگے روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی اور ڈی پی او اور کمشنر سے اجلاس کریں، ان سے پوچھا جائے کہ کل کیا کیا تھا اور آج کیا کرنا ہے۔

آپ کے علم میں ہونا چاہیے کہ تمام تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبوں کی سطح پر سابق حکومت کے لگائے ہوئے افراد سیٹوں پر قبضہ کئے بیٹھے ہیں، تین سال سے ایک ہی سیٹ پر بیٹھے افراد کو ہنگامی بنیادوں پر اِدھر اُدھر کریں،

اپنی طبیعت میں ظاہری طور پر سختی لے کر آئیں کیونکہ بعض لوگ آپ کی سادگی سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، جس طرح آپ نے بارش کے دنوں میں لوگوں کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر منزل تک پہنچایا تھا اسی طرز پر دوبارہ اپنی کارکردگی مناسب موقعوں پر ظاہر کریں، اورنج ٹرین کو جلد از جلد مکمل کریں، ہفتہ بھر کی کارکردگی اخبارات میں شائع کروائیں، یاد رہے میڈیا اسی کا ہے جو میڈیا کو اپنا سمجھے، ارشاد بھٹی دیوانہ ہے۔

جن کو وزیراعظم ملاقات کے لئے وقت دیتا ہے آپ کیوں نہیں ان سے ملتے۔ کسانوں کی خوشحالی کے لئے آپ کے اقدامات اچھے ہیں، اسپتالوں کی صورتحال پروزیر صحت کی باز پرس کریں۔

تمام اضلاع سے چلنے والی گاڑیوں کے حوالے سے بہتری کے لئے وزیر ٹرانسپورٹ کی کوئی ذمہ داری بنتی ہے یا نہیں ۔قبضہ مافیا ،صفائی اور غلط پارکنگ سے بازاروں کی رونق ماند پڑتی ہے اس پر ایکشن لینا از ضروری ہے۔

آپ کا مخلص ۔صوفی نذر حسین بزدار

تازہ ترین