• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلپائن : سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی

   فلپائن میں سمندری طوفان ’کموری ‘سے تباہی کے مناظر


فلپائن میں سمندری طوفان’ کموری‘ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز سمندری طوفان کموری فلپائن کے جنوب مشرق میں واقع سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے لوزون سے ٹکرایا تھا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچاتے ہوئے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان کموری کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جبکہ متعدد گھر تباہ، ہزاروں افراد لاپتہ و بے گھر، اور 15 ملین ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔

ترجمان ڈیزاسٹر ایجنسی مارک ٹمبل کے مطابق طوفان کے خطرے کے باعث تقریباً 3 لاکھ 45 ہزار افراد حفاظتی مراکز میں موجود ہیں جو اپنے گھر واپسی کے لیے حکام کی منظوری کے منتظر ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں فوج اور ریسکیو اہلکار وں سمیت متعدد رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق طوفان کموری فلپائن سے ٹکرانے والا اس سال کا 20 واں طوفان ہے جبکہ زمین سے ٹکرانے کے بعد اکثر طوفانوں کی شدت کم ہو جاتی ہے تاہم اس طوفان کی شدت اب بھی برقرار ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کموری طوفان کی شدت کم ہونے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

تازہ ترین