• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ میں ’زیرو سائز‘ متعارف کروانے والی بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے ڈائیٹ پلان سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک ہفتے میں کئی پاؤنڈز وزن کم کیا ہے.

بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور کی جانب سے ایک ہفتے کا ڈائیٹ پلان اپنی فٹنس سے متاثر فینز کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ ان کے لئے ہے جو مجھے اسکرین پر دیکھ کر حیران ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ’ آخر یہ کھاتی کیا ہے ؟‘۔


اگر آپ بھی کرینہ کپور کی طرح اسمارٹ نظر آنا چاہتے ہیں تو دن میں 8 بار مندرجہ ذیل غذائیں کھائیں، اس کے ساتھ ہفتے میں 5 سے 6 گھنٹے ورزش کریں جس کے نتیجے میں آپ اپنی صحت میں واضح اور مثبت فرق محسوس کریں گے۔

دن کا آغاز اور ناشتہ :

کرینہ کا کہنا ہے کہ پانی میں رات بھر بھیگی ہوئی کالی کشمش اور زعفران کا صبح نہار منہ استعما ل کریں۔

ناشتے میں چٹنی کے ساتھ ایک پراٹھا جس میں موسمی سبزیاں بھی ڈالی جا سکتی ہیں جیسے کہ آلو، گاجر، مولی ، میتھی ، دال اور پنیر۔ وزن کم کرنے کے لیے صبح کے ناشتے میں پروٹین ، گھی، فائبر سب ہی کچھ ہونا چاہئے ۔

دوپہر کے کھانے سے پہلے

ایک سے دو چٹکی تخم بالنگا کے ساتھ ناریل پانی کا استعمال کریں جس سے ڈی ہائیڈریشن نہیں ہوگی اور ہلکی پھلکی بھوک بھی مٹے گی۔

دوپہر کا کھانا

دوپہر کے کھانے میں سادے چاول اور دہی کا استعمال کریں، ساتھ میں ایک مناسب سائز کا پھلکا بھی لے لیں ، دہی سے پروبائیوٹک حاصل ہوں گے اور اس سے نظامِ ہاضمہ بھی درست رہے گا، پھلکا کسی بھی سبزی کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔

دوپہر کے کھانے کے 2 سے 3 گھنٹے بعد کچھ اخروٹ اور پنیر کھا سکتے ہیں، اخروٹ میں اومیگا تھری، پروٹین، فائبر، کیلشیم ، آئرن، وٹامن کے، اے، ڈی ای اور گڈ فیٹس پائے جانے کے سبب کئی گھنٹوں تک بھوک کا احساس ختم ہو جاتا ہے ۔

شام میں کچھ ضرور کھائیں

شام میں کیلے کا ملک شیک بہترین آپشن ہے، کیلے میں پوٹاشیم اور منرلز کی بھاری مقدار پائے جانے کے سبب بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے، ایک ملک شیک کا گلاس شام کی بھوک کو مٹاتا ہے اور رات میں  زیادہ کھانے کی طلب کو بھی کم کرتا ہے ۔

رات کا کھانا

رات کے کھانے میں کھچڑی کے ساتھ دہی کا استعمال کریں یا چنے کی دال کی ٹکیوں  کے ساتھ سبزی پلاؤ لے لیں، کہا جاتا ہے کہ چاول کھانے سے وزن بڑھتا ہے مگر چاول روٹی کے مقابلے میں جلد ہضم ہونے والی غذا ہے اور رات کے کھانے کے لیےبہترین ہے ۔

ابال کر پانی نکلے ہوئے سادے چاول وزن کم کرنے کے لیے روزانہ استعمال کیے جا سکتے ہیں، کھچڑی بھی ایک نرم اور غذائیت سے بھرپور غذاہے۔ اس میں شامل دالیں اسے مزید لذیز بناتی ہیں۔

رات کے کھانے کے بعد اگر سونے سے پہلے بھوک محسوس ہو تو ایک کپ دودھ کے ساتھ ایک کیلا کھایا جا سکتا ہے، اس کا استعمال رات کے کھانے کے 2 سے 3 گھنٹوں بعد کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین