• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان سے چھالیہ کی اسمگلنگ پکڑی گئی، بھاری مقدار میں ضبط

بلوچستان سے کراچی کو ٹینکرز کے ذریعے پینے کے پانی کی سپلائی کی آڑ میں اسمگلرز مافیا نے چھالیہ کی اسمگلنگ شروع کردی۔ ضلع غربی پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے واٹر ٹینکر سے 20 ہزار 850 کلوگرام چھالیہ برآمد کرلی ہیں جس کی مالیت مقامی مارکیٹ میں ایک کروڑ 66 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ فدا جانوری کے مطابق افغانستان سے بلوچستان کے راستے اسمگل کیا گیا ممنوعہ سامان اسمگلرز ہر ممکن طریقے سے کراچی اسمگل کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔

گزشتہ دنوں سبزیوں اور فروٹ کی گاڑیوں کی آڑ میں یہ دھندہ کیا جاتا رہا۔ کچھ عرصہ قبل ریتی بجری کے نیچے اسمگلنگ کا سامان ڈمپر میں چھپا کر کراچی لے جانے والا گروہ پکڑا گیا تھا اور اب ایک اور خفیہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او مدینہ کالونی امداد علی خواجہ کی ٹیم نے واٹر ٹینکر کی آڑ میں چھالیہ کا بڑا ذخیرہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی ہے۔

ایس ایس پی فدا جانوری کے مطابق ملزمان نے اس دھندے کے لیے خصوصی واٹر ٹینکر تیار کیا تھا جس کے صرف ایک فٹ کے بالائی حصے میں پانی بھرا ہوتا تھا۔پولیس کے مطابق یہ واٹر ٹینکر حب شہر سے موچکو چوکی کے راستے کراچی میں داخل ہوا تھا کہ مدینہ کالونی پولیس نے سعید آباد میں کارروائی کرکے قبضے میں لے لیااور اسے مدینہ کالونی تھانے منتقل کیا۔

ٹینکر کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے چھالیہ کی 834 بوریاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے برآمد کی گئی 20 ہزار 850 کلو گرام چھالیہ پولیس کو چکما دینے کے لیے ٹینکر کے کچھ حصے میں پانی بھر کر اسکے نیچے چھپا رکھی تھیں۔

اسمگلنگ کی کوشش میں ملوث دو ملزمان امان اللہ اور عبدالشکور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دو ملزمان حاجی داد محمد عرف دادگی اور حاجی لال محمد عرف لالی فرار ہوگئے۔

پولیس نے دفعہ 54/550 کے تحت کارروائی کرکے ٹینکر اور سامان ضبط کرلیا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد ضبط شدہ چھالیہ کسٹمز کے حوالے کیا جائیگا۔

تازہ ترین