• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افشاں لطیف کے الزامات ڈرامہ ہیں، چیئرمین پنجاب بیت المال

افشاں لطیف کے الزامات ڈرامہ ہیں، چیئرمین پنجاب بیت المال


بیت المال پنجاب کے چیئرمین ملک اعظم نے کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کے الزامات کو ڈراما قرار دے دیا ۔

ملک اعظم کا کہنا ہے کہ کاشانہ ویلفیئر ہوم کی افشاں لطیف کا دعویٰ مسلم لیگ ن کا ڈراما ہے۔

جیونیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ملک اعظم نے کہا کہ افشاں لطیف کا شوہر مسلم لیگ ن کا نمایاں ورکر ہے اور افشاں لطیف کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر 3 ماہ پہلے انکوائری شروع ہوئی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ثابت ہونے پر افشاں لطیف سے سرکاری رقم کے لین دین کا اختیار واپس لیا گیا ۔

ملک اعظم نے کہا کہ صوبائی وزیر اجمل چیمہ کی شرافت سارے زمانے کے سامنے ہے ۔ کسی بچی کے لواحقین یا افشاں نے کسی فورم پر ہراساں کرنے کی کوئی شکایت نہیں کی ۔

چیئرمین بیت المال پنجاب نے کہا کہ پہلی انکوائری میں افشاں کے الزامات غلط ثابت ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ یتیم اور بے سہارا بچیوں کی پناہ گاہ کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے عدالتی کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کردی۔

کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کا کہنا ہے کہ انصاف کے لیے انہوں نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، جب کوئی شنوائی نہ ہوئی تو سوشل میڈیا کا رخ کیا، افشاں لطیف نے کہا ہے کہ یہ ان کا نہیں دارالامان کی بچیوں کے مستقبل کا سوال ہے، سارا معاملہ سامنے رکھ دیا ہے، امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔

تازہ ترین