• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی میں ناروے کے واقعے کیخلاف قرار داد منظور

قومی اسمبلی میں ناروے کے واقعے کیخلاف قرار داد منظور


ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف قومی اسمبلی میں قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی یہ ایوان بھرپور مذمت کرتا ہے اور مجاہد عمر الیاس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

گزشتہ دنوں ایک اسلام مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص نے ناروے کے کرستیان ساند شہر کے پر رونق علاقے میں پہلے ایک مجمع لگایا اور پھر لوگوں کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔

مسلمانوں کی مقدس کتاب کو آتشزدگی سے بچانے کے لیے ایک نوجوان عمر الیاس تیزی سے آگے بڑھا اور اسلام مخالف شخص کو قرآن پاک کی بے حرمتی سے روکا، جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے اس کی زبردست پذیرائی کی گئی اور اسے ہیرو قرار دیا گیا۔

اس واقعے پر پاکستان نے سخت احتجاج کیا تھا اور دفترخارجہ نے پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔

تازہ ترین