• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ : کراچی یونائیٹڈ نے کراچی ککرز کو ہرادیا

نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں کراچی یونائیٹڈ نے کراچی ککرز کوصفر کے مقابے میں چار گول سے ہرا کر ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح کے ساتھ فائنل رائؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

فاتح ٹیم کی نینا زہری نے دوسری ہیٹ ٹرک بنا کر مجموعی طورپر 7گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ میچ کے مہمان خصوصی سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ، سینئر نیشنل کوچ طارق لطفی کا دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔

کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم اور کے پی ٹی گرائونڈ پر کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے میچ میں کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم چھائی رہی۔ نینا زہری نے تین گول کے ساتھ ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر میزبان ٹیم کو برتری کے حصول کیلئے 36منٹ انتظار کرنا پڑا۔

تاہم 36ویں منٹ میں نینا زہری نے انفرای کوشش سے اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول اسکور کیااور صرف 3منٹ بعد بائیں جانب سے آنے والے کراس کو گول میں تبدیل کرکے 0-2کی سبقت دلادی۔ وقفہ پر کراچی یونائیٹڈ کو 0-2کی برتری حاصل تھی جس میں مزید 2گول کا اضافہ دوسرے ہاف میں کیا گیا جبکہ 55ویں منٹ میں نقیہہ نے تیسرا جبکہ چوتھا اور آخری گول نینا زہری نے اسکور کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کی اسکور لائن کو 0-4کیا بلکہ اپنی دوسری ہیٹ ٹرک کا بھی اعزاز حاصل کیا ۔

کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں 2010کی سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ جو 100میٹر کی ریس جیت کر ساؤتھ ایشیا کی برق رفتار ایتھلیٹ قرار پائی تھیں، ان کے نام سے موسوم نسیم حمید وومین فٹبال کلب نے گروپ ’1‘میں اپنے دونوں میچوں میں اپنی شرکت کو یقینی نہ بنا کر ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کو نیشنل ایونٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے سے محروم کردیا۔

اپنے پہلے میچ میں جافا وومین فٹبال کلب کیخلاف اور دوسرے میچ میں کراچی وومین فٹبال کلب کے سامنے نہ آسکی ۔ شائقین جو اپنی عظیم کھلاڑی کی ٹیم کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔

چیمپئن شپ میں جمعرات کو محسن گیلانی ویمن ایف سی کا سامنا سی ڈی ایس ایس سے، کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم اور ایف ایس ای کے مقابل بلوچستان وومین فٹبال ٹیم کا مقابلہ کے پی ٹی اسٹیڈیم پر ہوگا۔ میچ کے ریفری شوکت حسین، زاہد علی، یوسف منصوری اور سلیم بابر ، ریفریز ایسیسر جاوید بنگش جبکہ میچ کمشنر عبدالکریم تھے۔

تازہ ترین