• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا سیٹھی نے ضیاء محی الدین کیساتھ پروجیکٹ کا اعلان کردیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ میرا سیٹھی ایک ہمہ جہت شخصیت کی مالک ہیں۔اداکاری ، ماڈلنگ اور صحافت سے بھرپورانصاف کرنے والی میرا نے حال ہی میں بچپن کے دوست کے ساتھ زندگی کے نئے سفرکا آغازکیا اور اب ٹوئٹر پرانہوں نے اپنے اگلے پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔میرا جلد ہی کراچی میں ضیاء محی الدین کے ساتھ مل کر تھیٹر کررہی ہیں۔اداکار، پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور ٹی وی نشریاتی مقررضیاء محی الدین کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ رائل اکیڈمی آف ڈراماٹک آرٹ کے تربیت یافتہ ضیاء محی الدین برطانوی سینما میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے رہتے ہیں۔ اسی لیے میرا نے ان کے ساتھ کام کرنے کی تفصیلات بھی دلچسپ انداز میں بیان کیں۔انہوں نے لکھا “ضیاء محی الدین صاحب کے ساتھ کام کرنا سزا جیسا، مطالبہ کن ، خوشی سے بھرپور اور زندگی کا خوبصورت ترین تجربہ ہے”۔میرا نے ضیاء محی الدین کے ساتھ اپنے پروجیکٹ کی تفصیلات بتائیں کہ کنگ لئیر (اردو میں ) 19 سے 29 دسمبر تک کراچی میں دیکھا جا سکے گا۔اداکارہ نے ٹوئٹرپراپنے فالورز کو پیغام دیا کہ امید ہے آپ میں سے بہت سے اسے دیکھنے آئیں گے۔جواب میں اداکارہ ماہرہ خان نے میرا کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ انہیں ااسٹیج پر دیکھنے کیلئے بےچینی سے منتظر ہیں۔ماہرہ نے ساتھ ہی نیل پالش سے سجائے گئے ہاتھ، پاپ کورن، جوس اور پیار کو ظاہر کرتے ہوئےایمو جیز کے ساتھ اپنی ایکسائٹمنٹ واضح کی۔کنگ لئیرایک ٹریجڈی ڈرامہ ہے جسے انگریزی زبان کے شہرہ آفاق شاعر، پلے رائٹ اوراداکار ولیم شیکسپیئر نے تحریر کیا تھا۔یہ ایک بادشاہ کی کہانی ہے جس کی 3 بیٹیاں ہوتی ہیں، بادشاہ اپنی وصیت میں تمام جائیداد 2بیٹیوں کے نام کرتا ہے جو والد کو خوشامد اور چاپلوسی سے اپنے پیار کایقین دلاتی ہیں۔
تازہ ترین