• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اظہار رائے کی آزادی کے نکتے پرسب متحد ہیں، صحافتی تنظیمیں

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے صحافیوں نے اسلام آباد میں نجی میڈیا ہاؤس کے دفتر پر نامعلوم افراد کے حملے اور صحافیوں کو ہراساں کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا حالات کا تقاضہ ہے کہ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہارپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار،بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ایوب ترین اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمٰن نے جمعرات کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر اسلام آباد میں نجی میڈیا ہاؤس کے دفتر پر حملہ اور صحافیوں کو ہراساں کرنے کےخلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے ۔ مظاہرے سے پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب میڈیا ہاؤسز سے ملازمین کو نکالا جارہا ہےتو دوسری جانب اظہار رائے کہیں دکھائی نہیں دے رہا ، انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے لیکن اسلام آباد میں میڈیا ہاؤس کے سامنے جو کچھ کیا گیا وہ احتجاج نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی آزادی صحافت کے نکتے پر متحد ہیں ۔ مظاہرے سے بی یو جے کے صدر ایوب ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت پر قدغن لگائی جارہی ہے اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے میڈیا سے وابستہ افراد کے درمیان نا اتفاقی کے باعث ہمیں موجودہ صورتحال کا سامنا ہے ہمارا اتحاد آزادی صحافت کے لئے ضروری ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا پر عائد غیر اعلانیہ پابندی کا خاتمہ کیا جائے ۔ مظاہرے سے کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں میڈیا کو آمرانہ دور سے زیادہ سخت حالات کا سامنا ہے اور حالات میں بہتری کے بھی کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے ۔ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں نجی میڈیا ہاؤس کے باہر جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک ہے ۔بلوچستان میں صحافیوں کی ایک تاریخ رہی ہے اور اب پی ایف یو جے کی صدارت بھی بلوچستان کے ایک سینئر صحافی کے کاندھوں پر آن پڑی ہے امید ہے کہ جس طرح پی ایف یو جے کے انتخابات میں پہلی مرتبہ بلوچستان سے صدارت کیلئے نامزد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اسی طرح صحافت کے شعبے میں مزید مثبت تبدیلیاں جلد نمودار ہونگی ۔
تازہ ترین