• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کا معاملہ 10 دن میں حل کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کا معاملہ 10 دن میں حل کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد (نمائندہ جنگ،آئی این پی) سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی پر پیشرفت ہوئی ہے، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی معاملہ طے کرنے کے قریب ہیں، عدالت نے حکومت کو 10 روز میں معاملہ طےکرنے کی ہدایت کر دی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پارلیمنٹرینز کا پارلیمنٹ کے مسائل عدالتوں میں لانا سمجھ سے بالاتر ہے، عدالت مداخلت نہیں کرسکتی ، آپ منتخب نمائندے ہیں خود معاملات حل کریں، عوامی نمائندے عوام کا پارلیمنٹ پر اعتماد بحال کریں، ماضی میں غلط ہوتا رہا لیکن اب پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہئے، نیلسن منڈیلا نے 24 سالہ جیل کے بعد سب کو معاف کیا، عوامی نمائندے پارلیمنٹ پرعوام کااعتمادبحال کریں۔

گزشتہ روز چیف جسٹس اطہر من اللّہ نے لیگی رہنمائوں محسن شاہ نواز رانجھا، مرتضیٰ جاوید عباسی اور جہانگیر جدون کی درخواستوں کی سماعت کی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر پیش ہوئے اور معاملے کے حل کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل ثناء اللّہ زاہد نے بتایا کہ ممبر الیکشن کمیشن پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کل قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھائیں گے۔

درخواست گزار محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا مسئلہ یہ ہے کہ عمران خان شہباز شریف کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ عدالت پارلیمنٹ کو سپریم دیکھنا چاہتی ہے، پارلیمنٹ کی عزت اور تکریم کا معاملہ ہے۔

تازہ ترین