• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

گھبرانا نہیں ہے، عوام 5 سال مجھ سے سنتے رہیں گے ہمیں کتنا بڑا خسارہ ملا، عمران خان

گھبرانا نہیں ہے، عمران خان


اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام گھبرائے نہیں اور نہ ہی فکر کرے، آنے والا دور خوشیوں کا دور ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے‘ مہنگائی کم کرکے دم لیں گے ‘بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ای گورننس ناگزیر ہے‘بعض ادارے اس کے خلاف مزاحمت کررہے ہیں مگر ہم ہر صورت ای گورننس کا نظام لائیں گے‘عوام پانچ سال تک مجھ سے یہ سنتے رہیں گے کہ ہمیں کتنا بڑا خسارہ ملا‘ ماضی میں پیسوں کی خاطر دوسروں کی جنگیں لڑی گئیں‘ تعمیرات پر صوبائی ٹیکسزکم کرنے پر غور کیاجائے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ کمایا، شہبازشریف ڈیلی میل کی خبر کا جواب نہیں دے سکے‘ شہبازشریف کے داماد اور بیٹے بھگوڑے ہیں، انہوں نے کرپشن کا نیٹ ورک چلایا۔

وزیراعظم نے شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ شہزاد اکبر نے حقائق قوم کے سامنے رکھے‘حکومتی ترجمان مسلم لیگ ن سے شہزاد اکبر کے پوچھے گئے سوالات پوچھیں۔ 

دریں اثناءجمعرات کو ڈیجیٹل وژن پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم فکر نہ کرے پاکستان کا مستقبل روشن ہے‘ میری پوری توجہ معیشت مستحکم کرنے پر ہے‘ ای گورننس کا بہترین نظام لا رہے ہیں‘ جن سے کرپشن شروع ہوئی وہ تو باہر چلے گئے ہیں‘ماضی میں پیسوں کی خاطر دوسروں کی جنگیں لڑی گئیں، آج کا پاکستان امن کے لیے ممالک کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے‘ امہ کو متحد کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مشکل فیصلے کرنے والے لوگ ہی کامیاب ہوتے ہیں‘آسان راستہ کبھی زندگی میں بہتری نہیں لاتا۔ سابقہ حکومتوں نے روپے کی قدر کو مصنوعی طریقہ سے کنٹرول کیا۔

حکومت ای گورننس کا نظام لائے گی، بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے ای گورننس ناگزیر ہے، بعض ادارے اس کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں لیکن ہم ہرصورت ای گورننس کا نظام نافذ کریں گے، ڈیجیٹلائزیشن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانی آئے گی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ عوام گھبرائے نہیں اور نہ ہی فکر کرے، آنے والا دور خوشیوں والا دور ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے۔ ہم گورننس کے مسائل پر قابو پا رہے ہیں اور ضروری تبدیلیاں لا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبہ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ تعمیرات کے شعبہ کے فروغ سے جہاں اس شعبہ سے منسلک 40 کے قریب بڑی صنعتوں کو فروغ ملے گا وہاں معاشی عمل تیز ہو گا اور نوجوانوں اور ہنرمندوں کو نوکریوں اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ تعمیرات کے شعبہ سے متعلقہ صوبائی ٹیکسز کو ممکنہ حد تک کم کرنے پر غور کیا جائے تاکہ تعمیرات کے شعبہ کو فروغ ملے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو تعمیرات کے شعبہ کے فروغ، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ملک بھر میں گھروں کی تعمیر خصوصاً کم آمدنی والے افراد کو اپنی ذاتی چھت کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی منصوبے میں اب تک کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ 

ادھر وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، قیمتوں پر موثر کنٹرول کے لئے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین