• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی قیمتوں میں 62فیصد اضافہ، بلجیم میں 4 لاکھ گھرانے سردی کے باعث غربت کا شکار ہوسکتے ہیں،CREG

برسلز (حافظ انیب راشد) بلجیم میں (400000) چار لاکھ گھرانے صرف سردی کے باعث غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ یہ بات بلجیم کی وفاقی توانائی کیلئے ریگولیٹری باڈی CREG کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں بتائی گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق اس غربت میں اضافے کا سبب سردی سے بچاؤ کیلئے بجلی کا زیادہ استعمال ہے۔ فیڈرل باڈی کے مطابق گذشتہ ایک دہائی میں بجلی کی قیمتوں میں 62گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت لوگ اپنی آمدن کا 15سے 20فیصد صرف توانائی کے حصول پر خرچ کر رہے ہیں جبکہ سردیوں میں اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو اپنے گھروں کو گرم کرنے کیلئے بجلی کی مشینیں استعمال کرتے ہیں ۔ فیڈرل باڈی اس صورتحال کو ’’توانائی کے باعث غربت کا بحران‘‘ قرار دے رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت چار لاکھ چالیس ہزار گھرانے حکومت کی جانب سے بجلی کے بل کی مد میں اعانت کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں جبکہ گیس کی مد میں اعانت حاصل کرنے والے گھرانوں کی تعداد 270000 ہے۔ یہ اعانت حاصل کرنے والوں میں معذور، کم آمدنی والے لوگ، پنشنرز اور مختلف وجوہات کی بنا پر سوشل ہائوسنگ حاصل کرنے والے نوجوان شامل ہیں ۔

تازہ ترین