• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سر اٹھاکر جینے کی سوچ دی، پی پی رہنما

برمنگھم (ابرار مغل) پاکستان پیپلزپارٹی کے 52ویں یوم تاسیس کے موقع پر برمنگھم میں پی پی پی ولورہمپٹن برانچ کے صدر خواجہ محمود صابری کی میزبانی اور سابق سیکرٹری اطلاعات چوہدری رضوان علی گجر کی صدارت میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ برمنگھم برانچ کے سینئر نائب صدر چوہدری شبیر کی نگرانی میں منعقدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی پی پی پی برطانیہ کے مرکزی نائب صدر واجد علی برکی اور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری وقار اسلم کیانی تھے۔ اس موقع پر مڈلینڈ برانچ کے نائب صدر ابرار احمد چوہدری نے نظامت کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے پی پی پی کے قیام کے حوالے سے شرکاء کو بتایا۔ تقریب سے واجد علی برکی، وقار اسلم کیانی، چوہدری شبیراحمد، چوہدری آفتاب، حاجی نائب مغل، چوہدری تبارک حسین، چوہدری نادر جٹ، طاہر محمود اقبال، خواجہ محمود صابری، چوہدری خاور ایوب، صدر محفل رضوان علی گجر، ابرار احمد چوہدری اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھنے کے ساتھ ساتھ بانی پارٹی کے عظیم مقاصد تھے وہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے ساتھ ساتھ متوسط اور عام طبقے کو سیاسی عمل میں آگے لانا چاہتے تھے۔ بانی پارٹی شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی مرتبہ پاکستانی قوم کو سراٹھا کر جینے کا ویژن اور سوچ دی لیکن پاکستان دشمن قوتوں نے انہیں راستے سے ہی ہٹا دیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھٹو ویژن پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے آج پاکستان بے شمار چیلنجز سے دوچار ہے بھٹوازم کی تکمیل سے ہی پاکستان ترقی و خوشحالی کی تمام منازل طے کرسکے گا۔ واجد علی برکی نے کہا کہ پی پی پی مزدور کسان اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے قائدین نے خون کے نذرانے پیش کرکے جمہوریت کو زندہ رکھا۔ وقار اسلم کیانی نے کہا کہ تبدیلی سرکار مکمل طور پر ناکام ہوچکی۔ پارٹی چیئرمین بلاول زرداری بھٹو نے مظفرآباد میں یوم تاسیس منا کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ چوہدری شبیر نے کہا کہ برطانیہ میں پی پی پی فعال اور متحرک ہے، بھٹو ازم کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ خواجہ محمود صابری نے کہا کہ بھٹو فلسفے پر عمل سے ہی پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ رضوان علی گجر نے کہا کہ شہداء گڑھی خدا بخش نے اپنی جانیں قربان کرکے اس پارٹی کی بنیادوں کو مضبوط کیا ہے اس موقع پر پارٹی کے 52ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

تازہ ترین