• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن ( جنگ نیوز) سبزہ اور درخت صرف ماحول کی بہتری کیلئے ہی ضروری نہیں بلکہ یہ انسانی صحت کیلئے بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹکے مطابق عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے امریکہ کی کولوراڈو سٹیٹ یونیورسٹی اور سپین کے بارسلونا انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں سبزہ فضائی آلودگی کی سطح کو کم کر کے مختلف امراض اور جلد موت سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔ اس ریسرچ میں سات ملکوں کے 80 لاکھ سے زائد افراد پر ہونے والی 9 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا۔ طبی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ شہروں میں سرسبز مقامات صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں اس سے ذہنی صحت بہتر اور دل کی جانب جانے والی شریانوں کے امراض جیسے امراض قلب، ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ کا خطرہ کم ہو جاتا ہے، تاہم پہلے ان تحقیقی رپورٹس کا زیادہ گہرائی میں جاکر جائزہ نہیں لیا گیا تھا۔محققین نے 9 تحقیقی رپورٹس کے تجزے سے دریافت کیا کہ گھروں کے ارگرد سبزے میں اضافے اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہونے میں تعلق موجود ہے اور 0.1فیصد سبزے میں اضافے سے ہی جلد موت کا امکان 4فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ریسرچ کے مطابق سرسبز مقامات کی وجہ سے فضائی آلودگی میں PM2.5 کمی آتی ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ سبزہ اور درخت فضائی آلودگی، شورکی آلودگی میں کمی اور درجہ حرارت کو کنٹرول سمیت صحت پر دیگر کئی حفاظتی اثرات مرتب کرت ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سرسبز مقامات اور قبل از وقت موت کے تعلق کے حوالے سے اب تک سب سے بڑی اور منظم تحقیق ہے ۔ اس سٹڈی کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ سرسبز مقامات میں اضافے کیلئے پالیسیوں کو موثر بنانے کی غرض سے حکومتی سطح پر تعاون اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی صحت اور ماحول میں بہتری لائی جا سکے۔ ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ اس ریسرچ سے حاصل معلومات کو مستقبل میں صحت پر اثرات کے تجزیے کی تحقیقی رپورٹس کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ریسرچ کے نتائج طبی جریدے دی لینسٹ پلینٹری ہیلتھ میں شائع ہوئے ہیں ۔

تازہ ترین