• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں لڑکوں کا محمد نام مسلسل تیسرے سال مقبول ترین قرار

لندن( جنگ نیوز) برطانیہ میں لڑکوں کا محمد نام مسلسل تیسرے سال مقبول ترین نام قرار دے دیا گیا ۔ بے بی سینٹر کی ناموں کے حوالے سے جاری کی گئی سالانہ رپورٹ میں یہ بتایا گیا کہ برطانیہ میں بچوں کے سو مقبول ترین ناموں کی فہرست میں عربی زبان کے ناموں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق برطانیہ میں لڑکوں کا محمد نام 2017 سے مقبول ترین اور سرفہرست پوزیشن پر ہے ۔ 2014 اور 2015 میں بھی یہ نام سرفہرست رہا تھا۔ اسی طرح احمد، علی اور ابراہیم بھی سو مقبول ترین ناموں میں شامل ہیں۔ لڑکیوں کی فہرست میں اولیویا نام بھی مسلسل تیسرے سال سرفہرست ہے، صوفیہ نام سب سے اوپر ہے مگر وہاں سب سے بڑی چھلانگ فاطمہ نام نے لگائی ہے اور لڑکیوں کا یہ نام 37 درجہ بہتری سے 57 ویں نمبر پر پہنچ گیا جبکہ مریم نام 59 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق محمد نام مقبولیت کے اعتبار سے سرفہرست سو ناموں میں پہلی بار 1924 میں داخل ہوا تھا جس کے بعد سے اس کی مقبولیت میں ہر گزرتے برس اضافہ ہو رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس میں یہ نام زیادہ تیزی سے اوپر آیا ہے، جس کی ایک ممکنہ وجہ برطانیہ اور ویلز میں مسلم آبادی میں اضافہ ہے جو اس وقت مجموعی آبادی کے پانچ فیصد حصے کے برابر ہے۔
تازہ ترین