• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹیفورڈ میں جنرل الیکٹرک کمپنی کی زمین پر نئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ

سٹیفورڈ (مریم فیصل) سٹیفورڈ میں نئے گھر بنانے کے لئے ایسی جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے جو مشہور کمپنی جنرل الیکٹرک کی فیکٹری تھی۔ گزشتہ کئی سالوں سے کمپنی کو نقصان کا سامنا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں اس کے بزنس پر منفی اثرات مرتب ہونے کے بعد کمپنی نے اپنی کئی فیکٹریاں بند کر نی شروع کر دی ہیں اور کئی ہزار ملازمین کو بھی ملازمت سے نکالا گیا ہے۔ سٹیفورڈ میں بھی کمپنی کی کئی فیکٹریاں موجود تھیں جن کے بند ہونے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ایسی ہی ایک فیکٹری میں نئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ایک تعمیراتی کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے جو باقاعدہ طور پر سال 2020 میں سٹیفورڈ بارو کونسل کو پیش کیا جائے گا۔ مارچ میں کمپنی نے اپنے اس پلانٹ کو بند کر دیا تھا۔ اکتیس ایکٹر پر پھیلی اس زمین پرتعمیر عمارتوں کو گرا کر نئے گھر بنائے جائیں گے کیونکہ یہ عمارتیں بہت پرانی ہیں۔ چار سو گھر تعمیر کئے جائیں گے لیکن علاقہ مکین اس بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں کہ علاقے میں نئے گھر بننے سے نہ صرف علاقے میں ٹریفک کا دباو بڑھے گا بلکہ نکاسی کا نظام بہت پرانا ہونے کی وجہ سے نئے گھروں کا بوجھ برداشت کرنا ممکن نہیں۔
تازہ ترین