• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائٹ کولڈ ڈرنکس پیٹ میں چربی کی مقدار بڑھانے کا سبب

لندن ( نیوز ڈیسک ) نئی ریسرچ میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈائٹ کولڈ ڈرنکس پیٹ میں چربی کم کرنے کے بجائے اس کی مقدار بڑھانے کا سبب بنتے ہیں ۔ اگر تو آپ ڈائٹ سوڈا کا استعمال یہ سمجھ کر کرتے ہیں کہ اس سے جسمانی وزن کم ہو گا لیکن حقیقت یہ ہے کہ نتیجہ اس سے بالکل الٹ ہوتا ہے۔ ٹیکساس ہیلتھ سائنس سینٹر کی میڈیکل ریسرچ میں بتایا گیا کہ جو لوگ ڈائٹ مشروبات استعمال کرتے ہیں ان کے پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے کی مقدار ایسے ڈرنکس سے دور رہنے والے افراد کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہوتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ یہ سافٹ ڈرنکس آپ کی توند نکالنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس تحقیق کے دوران 65 سال یا اس سے زائد عمر کے 750 افراد کے ڈیٹا کا کئی سال تک جائزہ لیا گیا جس میں پتہ چلا کہ ڈائٹ مشروبات استعمال کرنے سے پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے کی رفتار بڑھ جاتی ہے چاہے اسے استعمال کرنے والے جسمانی طور پر کتنے ہی متحرک کیوں نہ ہو۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ روزانہ ان مشروبات کا استعمال کرتے ہیں ان کی توند میں چربی بڑھنے کی شرح 3.2 انچ یومیہ ہے۔ اس کی وجہ سے توند نکلنے کے ساتھ کمر بھی پھیلتی ہے اور انسان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ خون کی شریانوں، جسمانی سوجن اور ذیابیطس ٹائپ ٹو جیسے امراض کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ریسرچرز کا کہنا ہے کہ میٹھے سافٹ ڈرنکس تو صحت کیلئے نقصان دہ ہیں ہی لیکن کم کیلوریز والے مشروبات بھی انسانی صحت کیلئے طبی لحاظ سے فائدہ مند نہیں ہیں ۔ یہ تحقیق میڈیکل میگزین جرنل آف دی امریکن گیریاٹریکس سوسائٹی میں شائع ہوئی ہے ۔
تازہ ترین