• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سندھ حکومت خراب نہیں،ناکام، اربوں کی کرپشن، ثبوتوں پر سب پریشان، کوئی نہیں بچے گا ہر ایک کی باری آئے گی، عمران خان، کامیاب جوان پروگرام کے چیک تقسیم

سندھ حکومت کا طرزحکمرانی خراب ہی نہیں ناکام ہے، وزیراعظم


اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سندھ حکومت کا طرزحکمرانی خراب ہی نہیں ناکام ہے اور اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر یہ سب پریشان ہیں‘ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے آیا ہوں، ان سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل دی جائے گی‘ گزشتہ 10 سال میں سب سے زیادہ سندھ میں کرپشن ہوئی‘ پاکستان میں کرپٹ افراد کی گنجائش نہیں اور سب کی باری آئے گی‘ کوئی نہیں بچے گا‘ تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے‘ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘ اس کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی سے محروم رہا‘ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا‘سندھ کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے‘حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے ‘کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے اتحادی جماعتوں کے ممبران پر مشتمل وفد سےگفتگو‘وزارت اطلاعات سے متعلق اجلاس سے خطاب اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

عمران خان نے قرضے حاصل کرنے والے نوجوانوں اور خواتین میں چیکس تقسیم کئے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان گورنر سندھ عمران اسماعیل کی قیادت میں صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے اتحادی جماعتوں کے ممبران پر مشتمل وفد نے جمعہ کو وزیراعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کی۔

شرکاءنے وزیراعظم سے درخواست کی کہ صوبہ سندھ کو گیس کی مد میں رائلٹی رقوم کی ادائیگیوں کا استعمال ان علاقوں میں ممکن بنایا جا ئے جن کا حق ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں میں سندھ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے فوکل پرسنز لگانے پر اتفاق کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

این این آئی کے مطابق وفدسے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ سندھ میں گورننس خراب ہی نہیں ناکام ہے اور اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر یہ سب پریشان ہیں‘ میں کرپشن کے خلاف جہاد کرنے آیا ہوں، کسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل دی جائے گی‘ گزشتہ 10 سال میں سب سے زیادہ سندھ میں کرپشن ہوئی‘پاکستان میں کرپٹ افراد کی گنجائش نہیں اور سب کی باری آئے گی‘ کوئی نہیں بچے گا۔

وزیر اعظم نے سندھ حکومت کی کرپشن کا حصہ بننے والے وفاقی افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے افسروں کی کرپشن ثابت ہوئی تو کارروائی کریں گے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دیئے، شرکا کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دیہی و شہری علاقوں کو نظرانداز کررہی ہے۔ صوبائی حکومت کی زیادتیاں ایک طرف سندھ میں وفاقی ادارے بھی تعاون نہیں کرتے، مرادعلی شاہ کے ہوتے وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکے گا۔علاوہ ازیں جمعہ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت وزارت اطلاعات سے متعلق اجلاس ہوا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، ریاست کا چوتھاستون ہونے کی حیثیت سے میڈیا کا معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ قائم کرنے میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے،وزارت اطلاعات حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، معاشی ترقی اور خارجہ امور میں پاکستان کی اقوام عالم میں ابھرتی ہوءحیثیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات لے۔

ادھر کامیاب جوان پروگرام کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ میرٹ کے فروغ کے لئے نظام اور اداروں کو مضبوط کرنے والے ممالک اور معاشرے ہمیشہ ترقی کرتے ہیں‘ نئے پاکستان میں نئی سوچ کے ساتھ میرٹ کو فروغ، آن لائن سسٹم کے تحت قرضوں کی فراہمی، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، چھوٹے اور درمیانی صنعت کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا ہے۔

تازہ ترین