• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی تحفظ اور امن کا قیام ناگزیر، عالمی اردو کانفرنس میں قراردادیں منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بارہویں چار روزہ عالمی اُردو کانفرنس کے آخری اجلاس میں دُنیا بھر سے آئے ہوئے دُنیائے اُردو کے دانشور اور مفکروں کی جانب سے اُردو کی ترقی اور ترویج و فروغ کے حوالے سے کئی قراردادیں منظور کی گئیں جن میں کہا گیا کہ ہماری دُنیا خوف، دہشت اور ظلم کے گھیراؤ میں ہے، ہم سب اہل ادب و فن اس کے خلاف آواز اُٹھاتے ہیں اوراپنی اپنی حکومتوں سے انسانی تحفظ اور امن کے قیام کا پُرزور مطالبہ کرتے ہیں۔ہم جنوبی ایشیا میں انتہا پسندی اور استحصال کی صورتِ حال کو کلیتاً مسترد کرتے ہوئے بہ یک آواز امن پسندی کے فوری اور موثر اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔ ہم اہلِ کشمیر کے انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کی فوری بحالی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ مختلف ملکوں کے اہلِ قلم کی انفرادی اور اجتماعی ملاقاتوں کے لیے ان ملکوں کے درمیان آمدورفت اور ویزا کے حصول کو آسان بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ہم پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کتابوں کی ترسیل کو آسان بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور دونوں حکومتوں سے اصرار کرتے ہیں کہ وہ مسائل کے حل کے لیے امن و مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ہم پورے ملک میں ایک ہی ایجوکیشنل سسٹم رائج کرنے کامطالبہ کرتے ہیں تاکہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں۔قراردادیں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پیش کیں جن کو اتفاقِ رائے سے منظور کیاگیا۔

تازہ ترین