کراچی (نیوزڈیسک) ناروے مسلم ایسوسی ایشن کی جانب سے مذہبی انتہا پسندی اور نفرت انگیزی سے نمٹنے کیلئے 10ہزار قرآن پاک تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نارویجن مسلم آرٹس اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق نارویجن زبان میں ترجمہ شدہ قرآن پاک اسلام لٹریچر ایسوسی ایشن اور منہاج القرآن مسجد کے اشتراک سے ہو گا۔ مسلم آرٹس اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم قرآن پاک کی تعلیم کے مطابق محبت اور علم کو پھیلاتے ہوئے منفی سوچ کا جواب دینا چاہتے ہیں، قرآن پاک کی یہ کاپیاں انٹرنیٹ کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی۔ نارویجن مسلم آرٹس اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی جانب سے قرآن پاک کی تقسیم کا اقدام چند روز قبل ایک انتہا پسند شخص کی جانب سے بھرے مجمعے میں قرآن مجید کو شہید کرنے کی کوشش کے بعد اٹھایا گیا ہے۔