نوشہرہ(نمائندہ جنگ) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن سےرابطہ ہوچکا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کا فیصلہ بدھ تک ہو جائیگا، اپوزیشن سے آرمی چیف کی مدت پر بات نہیں ہوئی، اس کیس کا تفصیلی فیصلہ آن کے بعد حکومت لیگل ٹیم سے مل کر فیصلہ کرے گی، اِن ہاؤس تبدیلی کا امکان نہیں، مولانا سمیت سب بے پَر کی اڑا رہے ہیں، حکومت 5 سال پورے کرے گی، پارٹی ارکان یا اتحادی وزیراعظم سے نالاں نہیں، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں اس کا مطلب تختہ الٹنا نہیں، تہیہ کر رکھا ہے کہ بے شک کوئی ووٹ نہ دے کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہاہے کہ تمام اپوزیشن اور اتحادی جما عتوں کے ساتھ ہماری بات چیت ہوچکی ہے، بدھ کو ہمارا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اہم اجلا س ہورہا ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرریوں پر متفقہ فیصلہ ہوجائے گا۔
آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے آئین میں ترمیم کے بارے میں ابھی تک اپوزیشن سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ اس کیس کا تفصیلی فیصلہ آنے پر حکومت کی لیگل ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کریں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت 5 سال کی مدت پوری کرے گی، اِن ہاؤس تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کہہ رہے ہیں کہ حکومت دسمبر اور جنوری میں جاری ہے ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، مولانا سمیت سب بے پَر کی اڑا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے تمام ممبران قومی اسمبلی بشمول اتحادی جماعتوں کے ممبران سے میں رابطے میں ہوں، کوئی بھی حکومت سے نالاں نہیں، گلے شکوے ہوتے رہتے ہے اِس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ حکومت کا تختہ الٹ دیں۔
تمام ممبران پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ملک معاشی طور دیوالیہ ملک ملا جسے آصف زرداری اور نواز شریف نے ساری دولت باہر منتقل کرکے صرف قرضوں کے سہارے پر چھوڑا ہوا تھا، عمران خان مشکل فیصلے کرکے ملک کو دلدل سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا ہےکہ آنے والے دور میں بے شک کوئی ووٹ نہ دے لیکن کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔