• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے زردای اور فریال کی ضمانت کی درخواستوں پر انصاف ہوگا، بلاول

امید ہے زردای اور فریال کی ضمانت کی درخواستوں پر انصاف ہوگا، بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی سماعت 11 دسمبرکو ہوگی۔

اسلا م آباد میں پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری سے ملا بھی ہوں اور ان کی میڈیکل رپورٹس بھی دیکھی ہیں، امید ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر انصاف ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے مسائل کا حل دیکھنا چاہتے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج ہمارے وزیراعظم کرپٹ لوگوں کو ڈھونڈنے کی ایپ لانچ کر رہے تھے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو سزا کے باوجود باہر بھیجنے کے بعد یہ کس منہ سے کہہ رہے ہیں کہ انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ندیم قمر ہماری طرف سے آصف زرداری کے میڈیکل بورڈ میں شامل ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری سزا کے بغیر جیل میں ہیں اور نواز شریف سزا کے باوجود باہر چلے گئے ہیں، ضمانت ملنے کے بعد آصف زرداری کو کراچی کے اسپتال میں منتقل کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت کا خاتمہ اور وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی باتیں سنتے رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے پاس سندھ میں تاریخی اکثریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن اور قانون سازی پر حکومت سے تعاون نہ کرنے کے فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا۔

تازہ ترین