• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز الدین صدیقی کی 26سالہ بہن کا کینسر سے انتقال

 بجرنگی بھائی جان، بدلہ پور، گینگز آف واسع پور، تلاش، لنچ باکس سمیت کئی ہٹ فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی فلموں کے معروف اداکار اور حالیہ دنوں میں مشہور بھارتی ٹیلی ویژن سیریل سیکریڈ گیمز میں اہم کردار ادا کرنے والے نوازالدین صدیقی کی چھوٹی بہن صائمہ تمشی صدیقی ہفتے کو کینسر سے طویل جنگ لڑنے کے بعد صرف 26 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

ایک بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق صائمہ صدیقی کو 18 برس کی عمر میں کینسر کی تشخیص کی گئی تھی، اور بیماری انتہائی ایڈوانس اسٹیج پر تھی۔ صائمہ صدیقی سات برس تک اس جان لیوا مرض سے انتہائی بہادری سے لڑتی رہیں۔

نواز الدین صدیقی ان دنوں بنگلہ دیشی فلم ساز مصطفیٰ سرور فاروقی کی آنیوالی فلم، ’نولینڈز مین‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں امریکا میں مصروف ہیں، جہاں انہیں انکی بہن کے انتقال کی خبر دی گئی۔ مرحومہ کی آخری رسومات اتوار کو نواز الدین صدیقی کے آبائی گاؤں بدھانا، مظفرنگر، اترپردیش میں ادا کی گئی۔

گزشتہ برس اکتوبر میں نوازالدین صدیقی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اپنی بہن کی 25ویں سالگرہ پر بتایا تھا کہ انکی بہن کینسر سے نبردآزما ہیں، انہوں نے اس موقع پر ایک نہایت جذباتی انداز کے نوٹ میں لکھا تھا کہ میری بہن اٹھارہ برس کی عمر سے ایڈوانس اسٹیج کے بریسٹ کینسر سے اپنی بھرپور قوت ارادی اور بہادری سے لڑرہی ہے، آج وہ پچیس برس کی ہوگئی ہے اور اب بھی وہ بیماری سے لڑرہی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں صائمہ کی حوصلہ افزائی کرنے پر ڈاکٹروں کا شکریہ بھی اداکیا تھا۔

اس سال نومبر میں نواز الدین صدیقی نے نیویارک میں منعقدہ ایمی ایوارڈز کے موقع پر اپنی نیٹ فلیکس سیریز سیکریڈ گیمز اور یوکے کی سیریز میک مافیا کی نمائندگی کے لیے شرکت کی تھی، جہاں  میک مافیا نے بہترین ڈرامہ سیریز کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تازہ ترین