• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ول اسمتھ کی بیٹے سمیت حادثے میں موت کی جعلی خبر

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)کیا ہولی وڈ کے معروف اداکار کار حادثے میں اپنے بیٹے سمیت جاں بحق ہوگئے ہیں؟مذکورہ بالا معلومات سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر آگ کی طرح پھیل گئی اور ہولی وڈ اداکار کے مداح غم زدہ ہوگئے۔ فیس بک پر ایک پوسٹ میں یہ معلومات دی گئی تھی کہ ول اسمتھ اپنے بیٹے جیڈن اسمتھ کے ہمراہ کار میں سوار تھے جسے حادثہ پیش آگیا۔اس میں مزید لکھا تھا کہ اداکار کی تیز رفتار گاڑی کا ٹرک سے تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کارسوار جان سے چلے گئے۔ مذکورہ خبر کو ایک جعلی خبر قرار دیا گیا، جبکہ یہ ویب سائٹ اپنی شناخت کے لیے امریکی نشریاتی ادارے کا لوگو استعمال کرتی ہے۔مذکورہ جعلی خبر کو فیس بک پر کئی پیجز پر شیئر کیا گیا، لنک پر کلک کرتے ہی سوشل میڈیا صارف ویب سائٹ پر چلے جاتے ہیں جہاں معلومات کے ذرائع حقیقی معلوم ہوتے ہیں۔ اس جعلی خبر کی ہیڈلائن یہ تھی کہ ’بریکنگ: ول اسمتھ اور ان کے بیٹے جیڈن کی کار کا ٹرک کے ساتھ تصادم ہوا جس میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ ‘ سوشل میڈیا پر یہ جھوٹی خبر پھیلنے کے بعد ہولی وڈ اداکار کے قریبی ساتھی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو تصدیق کی کہ ول اسمتھ زندہ ہیں اور خیریت و عافیت سے ہیں۔ تاہم ول اسمتھ کی جانب سے اس جھوٹی خبر پر اب تک تبصرہ نہیں کیا گیا۔
تازہ ترین