• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سسٹم لپیٹےجانیکی وارننگ، حکومت حملے کررہی ہے ہم بھی تیار ہیں، آرمی چیف کیلئے قانون سازی، الیکشن کمیشن اور اسمبلی میں تعاون پر حکومت سے رابطےختم، خواجہ آصف

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے مجوزہ ترمیم کے حوالے سے حکومت سے رابطے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت حملے کر رہی ہے، لندن میں ہمارے قائد کے گھروں کونشانہ بنایا گیا تو یہاں بھی کسی کا گھرنہیں بچے گا، ہم ایسے چہرے نہیں بھولیں گے، منصوبہ بندی کرنے والوں کا پتہ ہے، ان کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، ہمیں جنگ کا پیغام دیا جارہا ہے تو ہم بھی تیار ہیں اس سے پورا سسٹم لپیٹا جائیگا۔ 

خواجہ آصف کے نکات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کہا کہ دھمکیوں کا کلچر نہیں چلے گا، ان کو پتا تھا لندن سے واپسی پر سوال ہونگے، قرضوں کے پیسوں سے بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں، ہمیں کہا جاتا ہے کرپشن کیخلاف بات نہ کرو، ہم انکی طرح مک مکا نہیں کر سکتے،شہباز شریف کو ٹی ٹیز اسکینڈل کا جواب دینا ہوگا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر مراد سعید کو فلور دینے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ مسلم لیگ (ن) رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی بصارت ہے نہ سماعت، حکومت اس تکلیف دہ صورتحال کو کہاں تک لیکر جائیگی؟ 

انہوں نے کہا کہ مخالفین کے گھروں کا تقدس پامال کرنے کی روایت لائی گئی ہے، ایسے رویوں سے تشدد کی لہر شروع ہوگی، پی ٹی آئی کارکنوں نے رہائش گاہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، ہم ایسے رویئے رکھنے والوں کے چہرے نہیں بھولیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے قائد کے گھروں پر حملہ ہوسکتاہے تو سب کے گھروں پر ہوسکتاہے، ہم دشمنی بڑھانا نہیں چاہتے تاہم اب ہم الیکشن کمیشن کے معاملات اور آنے والی ترمیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ 

خواجہ آصف نے الیکشن کمیشن تقرریوں سمیت کسی بھی قانونی ترمیم کیلئے حکومت سے رابطہ قائم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں حکومت سے رابطے برقرار نہیں رکھے جاسکتے، جو کانٹے بکھیر رہے ہیں، ان کووہی چنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے گھر کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی تو ہم ویسا ہی جواب دیں گے ، حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کا پتہ ہے۔

آخری حد تک ان کا پیچھا کرینگے۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے خواجہ آصف کے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے 35 سال میں ایسا اسپتال نہیں بنایا جس میں آپ اپنا علاج کرا سکیں، آپ کاایک بیٹا جیل کے اندر ہے، دوسرا مفرور ہے، اپوزیشن لیڈر ہوتے ہوئے شہباز شریف کو شہزاد اکبر کے سوالات کا جواب دینا چاہیے، گزشتہ جمہوری حکومتوں میں ہر حکومت نے ایک سال میں اوسطاً 29 آرڈیننس منظور کئے۔

تحریک انصاف نے ڈیڑھ سال میں 19 آرڈیننس پاس کئے اور اس پر شور مچایا گیا، آپ ہمیں جمہوریت نہ سکھائیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے رہنما تقریریں کرتے ہیں لیکن جواب نہیں سنتے۔ 

لندن مظاہرے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ یہ اس گھر کی بات ہو رہی ہے جس کو ثابت کرنے میں ہمیں پانچ سال لگے۔وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ پہلے یہ لیکچر دیتے تھے کہ لندن میں قائد کی جائیداد نہیں، اب وہیں پر میٹنگ کرتے ہیں۔ 

یہ بڑے بڑے محلات پاکستان کے پیسوں سے بنے۔ آپ نے کہا ووٹ کو عزت دو پھر خود کہا مجھے اجازت دو۔ نواز شریف کے دونوں بچے مفرور، سلمان شہباز اور اسحاق ڈار بھی مفرور، خواجہ آصف ایک خاندان کے بجائے اپنے حلقے کی عوام کی بات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ منظور پاپڑ والا بیچارہ کراچی نہیں گیا، وہ لندن سے پیسے بھیج رہا تھا۔ تمام پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا گیا۔ ٹی ٹیز کے ذریعے پیسہ پاکستان منگوایا گیا۔ ماڈل ٹان میں یہ جواریوں کی طرح پیسہ گنتے تھے کہ آج کتنی کمائی ہوئی۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سبز رنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں پیسہ جاتا تھا۔ مراد سعیدنے کہا کہ شہبازشریف گڈنیچر کمپنی اور ڈائریکٹرز کے بارے میں جواب دیں، ہرےرنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں کِک بیکس لے جاتے رہے۔

تازہ ترین