• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

لاہور ہائیکورٹ، مریم کی باہر جانے کیلئے درخواست حکومت کو ارسال، سات دن میں فیصلے کا حکم

مریم، باہر جانے کی درخواست حکومت کو ارسال، 7دن میں فیصلے کا حکم


لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز شریف کی والد نواز شریف کے پاس انکی تیمار داری کی خاطر بیرون ملک جانے کیلئے دائر درخواست وفاقی حکومت کو بھجواتے ہوئے وفاقی کابینہ کی نظر ثانی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 روز کے اندر مریم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ پر فیصلہ کرے۔ 

عدالت نے لاہور ہائیکورٹ سے اپنا پاسپورٹ واپس لینے کیلئے دائر درخواست پر نیب سے 16 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز شریف کی ای سی ایل سے نام کے اخراج اور عدالتی تحویل سے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست کی سماعت کی مریم نواز شریف کی طرف سے امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کا موقف سنے بغیر انکا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا وفاقی حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ آرڈیننس کی خلاف ورزی کی ہے۔ 

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت آپ وفاقی حکومت کے سامنے ریویو فائل کر سکتے ہیں، جس پر وکلا نے کہا کہ مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے حکومت کو کوئی درخواست نہیں دی مریم نواز کو سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، عدالت سے بہتر ہمارے پاس کوئی فورم نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا حکومتی وزرا کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ ہم مریم کو جانے نہیں دینگے ایک معاملہ عدالت میں اور وزرا اس پر اپنے فیصلے سنا رہے ہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ اگر آپ حکومت کے پاس جائیں اور کابینہ اس پر فیصلہ نہ کرے تو پھر عدالت آنا چاہیے تھا۔

مریم نواز کے وکلا نے کہا کہ شہباز شریف کے معاملے میں یہ ساری چیزیں سامنے آئیں کہ حکومت نے نام نہیں نکالا، جس پر عدالت نے کہا کہ جمہوریت میں تو ایسا ہوتا ہے کہ دو سیاسی جماعتیں حکومت اور اپوزیشن میں ہوتی ہیں، وکلا نے کہا کہ اسی بنچ نے مریم نواز کو ضمانت دی اور پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا اسی لئے عدالت کے پاس آئے،۔

آیان علی سمیت اگر 16 لوگوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے تو مریم نواز کو کیوں نہیں جانے دیا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ نواز شریف کے کیس میں ای سی ایل قانون پر نظرثانی کی گئی آپکو پہلے وزارت داخلہ سے رجوع کرنا چاہیے وہ جو بھی فیصلہ دے پھر آپ ہائیکورٹ آجائیے گا سارے قانون ایک طرف مگر میاں نواز شریف والے کیس میں وفاقی حکومت نے شرط عائد کی تھی۔

تازہ ترین