• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مقبوضہ کشمیر میں خاموشی سے اپنی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے، فاروق حیدر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدرنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت اپنی منصوبہ بندی پرخاموشی سے عمل پیرا ہے،مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نہیں لاک ڈائون کی صورتحال ہے،بھارت کا اصل ہدف پاکستان ہے، بھارتی اسکولوں کے نصاب میں بنگلہ دیش، نیپال، پاکستان اور افغانستان کو بھی اکھنڈ بھارت کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے دفاعی امور کے ماہر سابق وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی ، تحریک کشمیر خواتین کی جنرل سیکرٹری شمیم شال، بیرسٹر خواجہ نوید، سردار نذاکت، جمشید حسین ودیگرمقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں کشمیری خواتین پر بھارتی مظالم کی ڈاکو مینٹری بھی دکھائی گئی۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روح کا زخم پرانا مگر تازہ ہے، جنگ کیے بغیر جنگ جیتنا سب سے بڑی فتح ہوتی ہے،مسلمانوں نے اسباب کی بنیاد نہیں ایمان کی بنیاد پر جنگیں لڑی ہیں،قائد اعظم محمد علی جناح نے 10 سال میں جنگ لڑے بغیر پاکستان حاصل کیا تھا، لیڈر شپ کا ایماندار ہونا ضروری ہے،رکن اسمبلی بن جانے سے کوئی سیاستدان نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم آزاد کشمیرنے کہاکہ کشمیریوں کے لیے بی جے پی ہو یا کانگریس سب برابر ہیں، کانگریس کی حکومت میں بھی کشمریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جاچکے ہیں،بھارت کبھی بھی جمہوری یا سیکولر ملک نہیں رہا، بھارت کا اصل ہدف پاکستان ہے۔
تازہ ترین