میامی (ایجنسیاں) چند روز قبل امریکی آرٹ میوزیم کی دیوار پر ٹیپ کی مدد سے چپکے کیلے کو کھانے والے آرٹسٹ نے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی بیچ کے ایک آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے کیلے کو امریکی کامیڈین ڈیوڈ ڈاٹا نے دیوار سے اتار کر کھالیا تھا۔ ڈیوڈ ڈاٹا نے جس کیلے کو دیوار سے اتار کر کھایا تھا، اس سے متعلق آرٹ انتظامیہ کو امید تھی کہ وہ ایک لاکھ 20 ہزار سے ڈیڑ لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 کروڑ سے 2 کروڑ 30 لاکھ روپے تک میں فروخت ہوگا۔ اسی میوزیم میں اسی طرح کے دو کیلے پہلے ہی اتنی قیمت میں فروخت ہوچکے تھے اور آرٹ میوزیم میں آخری کیلا بچا تھا، تاہم اس کی فروخت سے قبل ہی امریکی کامیڈین ڈیوڈ ڈاٹا نے اسے دیوار سے اتار کر سب کے سامنے کھالیا تھا۔ ڈیوڈ ڈاٹا نے کیلے کو اتار کر اسے کھانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کی تھی اور کیلے کو کھانے کے بعد خود کو بھوکا آرٹسٹ قرار دیا تھا۔ ڈیوڈ ڈاٹا نے کیلے کو کھانے کے بعد لذیذ قرار دیا تھا۔ کامیڈین کی جانب سے انتہائی قیمتی کیلے کو کھائے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا یا پھر وہ اپنی حرکت پر معافی مانگیں گے، تاہم اب انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے عمل پر کوئی پچھتاوا نہیں۔انہوں نے کیلے کے کھانے کے عمل کو پرفارمنس قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، جس پر وہ معافی مانگیں۔